سرینگر// معروف کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی کے پیش نظر وادی میں21ہزار اضافی فورسز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں مرکزی سیکریٹری داخلہ راجیو مہا ریشی نے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کشمیر میں8جولائی کو ممکنہ پیدا ہونے والی کسی بھی طرح کی صورتحال سے نپٹنے کیلئے فورسز تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو تحفظ فرہم کرنے کیلئے فورسز کی214کمپنیوں کو روانہ کیا گیا ہے تاکہ وہ صورتحال کو قابو میں رکھ سکیں۔ برہان وانی کی پہلی برسی یاترا کے بیچ آرہی ہے جس کے نتیجے میں فورسز اور پولیس اہلکار متحرک ہیں اور اضافی فورسز اہلکاروں کو تعینات کیا جارہا ہے۔۔ذرائع سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ یاترا کیلئے جو اضافی فورسز وادی وارد ہوئے ہیں، ان کو بھی امن و قانون کی ڈیوٹی پر مامور کیا جارہا ہے۔ دریں اثناء برہان وانی کی برسی سے قبل وادی کی مجموعی صورتحال خاص طور پر سیکورٹی سے جڑے معاملات کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کو نئی دلی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی۔مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کی صدارت میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں امور داخلہ کے وزیر مملکت ہنس راج اہیر ، داخلہ سیکریٹری راجیو مہریشی اور نیشنل سیکورٹی گارڈ(این ایس جی) کے انسپکٹر جنرل کے علاوہ دیگر سیکورٹی اور خفیہ ایجنسیوں کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔معلوم ہوا ہے کہ میٹنگ کے دوران برہان وانی کی برسی کے موقعے پر امن و قانون برقرار رکھنے کا معاملہ تفصیل کے ساتھ زیر بحث آیا۔اس سلسلے میں خاص طور پر وادی میں جاری امرناتھ یاترا کی حفاظت کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جو مرکزی اور ریاستی حکومت کیلئے فکر مندی کا باعث بنی ہوئی ہے۔میٹنگ کے دوران وزیر داخلہ کو آئندہ دنوں کے دوران وادی میں صورتحال کو قابو میں رکھنے کیلئے اٹھائے جارہے اقدامات کی مفصل جانکاری دی گئی۔