اوڑی /ظفر اقبال / اوڑی میں کمسن لڑکے کی طرف سے لائین آف کنٹرول عبور کرنے کے بعد پولیس نے کئی افراد سے پوچھ تاچھ شروع کی ہے ۔ذرایع سے معلوم ہوا ہے کہ 13 سالہ عاقب احمد پٹھان ولد مرحوم نصیر احمد پٹھان ساکنہ سلطان ڈھکی اوڑی نے 17 اپریل 2017 کو حد متاکہ پر واقعہ گاوںدولانجہ سے سر حد عبور کر لی تھی اور سلسلے میں بدھ کو کمان پل پر ایک سادہ تقریب منعقد ہوئی تھی جس میں پاکستانی زیر انتظام کشمیر چکوٹھی کے اسسٹنٹ کمشنر اور پاکستانی فوج کے دو آفسران نے کم سن لڑکے کو اس کی ماں کے سپرد کیا ۔ جس دوران تقریب میں ایس ڈی ایم اوڑی اور ایس ڈی پی اوڑی بھی موجود تھے۔اس کے بعد اوڑی پولیس نے عاقب احمد پٹھان کو تحویل میں لے کر پوچھ تاچھ شروع کی ۔پولیس کو خدشہ ہے کم سن لڑکے نے غلطی سے نہیں بلکہ کسی سازش تحت سرحد عبور کر لی تھی اور سلسلے میں پولیس نے ایک سابقہ فوجی کے علاوہ مزید کئی افراد کو پوچھ تاچھ کے لیے پولیس سٹیشن طلب کیا۔ ایس ایچ او اوڑی تبریز احمد خان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے کئی افراد کو اس سلسلے میں پوچھ تاچھ کے لیے طلب کیا اور پوچھ تاچھ کے بعد ہی معلوم چلے گا کہ کمسن لڑکے کے سرحد عبور کرانے میں کس کا ہاتھ تھا۔