سرینگر// خزانہ ، محنت اور روزگار کے وزیر ڈاکٹر حسیب اے درابو نے کل پولو وویو سرینگر میں قائم میڈیا کمپلیکس کا دورکیا جہاں نادر اخبارات ، کتابوں اور تصاویر کی نمائش جاری ہے۔گریٹر کشمیر/ کشمیر عظمیٰ کے مدیر اعلیٰ فیاض احمد کلو، روز نامہ چٹان کے مدیر طاہر محی الدین ،کشمیر امیجز کے بشیر منظر کے علاوہ اطلاعات و رابطہ عامہ کے سابق ڈائریکٹر محمد یوسف ٹینگ ،اینمل ہسبنڈری کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر فاروق کلو اور سول سوسائٹی کے کئی ممبران وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔ڈاکٹر درابو نے آزادی سے پہلے شائع ہونے والے اخباروں اور تصاویر کو محفوظ رکھنے کے لئے محکمہ اطلاعات کی کوششوں کی سراہنا کی۔ وزیر خزانہ نے یقین دلایا کہ ریاستی حکومت محکمہ کی جانب سے لوگوں اور حکومت کے درمیان رشتوں کو مستحکم کرنے کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے لئے بھر پور تعاون فراہم کرے گی۔ڈاکٹر درابو نے میڈیا کمپلیکس کے صحن میں کشمیر یونیورسٹی کے کئی طالب علموں اور محققین سے بھی تبادلہ خیال کیا۔ تدریسی سرگرمیوں میں کامیابی کے لئے ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے انہیں تلقین کی کہ وہ ریاست جموں وکشمیر کے مفاد کے لئے مقامی ثقافت اور تہذیب وتمدن کو فرو غ دینے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ناظم اطلاعات منیر الاسلام ، جوائنٹ ڈائریکٹر انفارمیشن عبدالمجید زرگر، ڈپٹی ڈائریکٹر ( پی آر) شیخ ظہور اور محکمہ کے دیگر افسران بھی وزیر کے ہمراہ تھے۔