سرینگر//صوبائی کمشنر کشمیر بصیر احمد خان نے کل ایک میٹنگ طلب کر کے دریائے جہلم اور جھیل ڈل میں واٹر ٹرانسپورٹ شروع کرنے کے سلسلے میں ترتیب دئے جارہے منصوبے کا جائیزہ لیا۔میٹنگ میں ایڈیشنل کمشنر کشمیر، ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر، ناظم سیاحت، آبپاشی و فلڈ کنٹرول اور صحت عامہ محکموں کے چیف انجنیئر صاحبان، آر ٹی او ،ٹریفک پلاننگ اینڈ ڈیزائننگ کے مشیر اورہاؤس بوٹ و شکارا یونین کے ممبران بھی موجود تھے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ آبی ٹرانسپورٹ شروع کرنے کی خواہاں ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ کے لئے جھیل ڈل او ر دریائے جہلم کو مخصوص کیا گیا ہے اور اس سلسلے میںاٹلی اور یورپی ممالک کی طرز پر منصوبہ بنایا جارہا ہے۔صوبائی کمشنر نے محکمہ سیاحت کو ہدایت دی کہ محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے اشتراک سے دریائے جہلم میں آزمائشی بنیاد پر 12 جولائی2017 سے ایک ماہ تک مفت واٹر ٹرانسپورٹ شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ جھیل ڈل میں17 جولائی2017 سے نہرو پارک اور حضرت بل کے درمیان مفت واٹر ٹرانسپورٹ سروس چلائی جانی چاہئے۔انہوں نے آبپاشی و فلڈ کنٹرول محکمہ کو اس دوران روزانہ بنیادوں پر اعداد وشمار ریکارڈ کرنے کی ہدایت دی۔صوبائی کمشنر نے محکمہ سیاحت کو آزمائشی سروس چلانے کے بعد حکومت کو تفصیلی پروجیکٹ رپورٹ منظوری کے لئے پیش کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ سیاحت کے فروغ اور لوگوں کو متبادل ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرنے کے لئے آبی ٹرانسپورٹ کا احیاء نو لازمی ہے۔