سرینگر //شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ہفتہ کی صبح جنگجوؤں کی جانب سے فوج کی ایک گشتی پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت 3 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ۔ یہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وادی میں حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کی پہلی برسی کے پیش نظر سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ’جنگجوؤں نے بانڈی پورہ کے حاجن مین مارکیٹ میں 3 بجکر 5 منٹ پر فوج کی 13 راشٹریہ رائفلز (آر آر) کی ایک گشتی پارٹی پر گھات لگاکر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک کیپٹن سمیت تین فوجی جوان زخمی ہوئے‘۔ انہوں نے بتایا کہ حملے کے مرتکب جنگجو اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ زخمی فوجیوں کو علاج ومعالجہ کے لئے فوجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تینوں زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ سیکورٹی ذرائع نے زخمی ہونے والے کیپٹن کی شناخت پروین کمار کے بطور ظاہر کردی۔ انہوںنے بتایا کہ حملہ کے جنگجوؤں کو ڈھونڈ نکالنے کے لئے حاجن اور اس سے ملحقہ دیہات میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔