نئی دہلی//ہندوستان نے جموں کشمیر میں گزشتہ سال جاں بحق ہوئے حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی پاکستان کی جانب سے ستائش کئے جانے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے وہ دہشت گردی کی حمایت کر رہا ہے ۔وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے ٹویٹ کر کے کہا کہ پہلے پاکستان کی وزارت خارجہ نے ممنوعہ دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کی مدح سرائی کی اور اب پاکستانی فوج کے کمانڈرنے برہان وانی کی ستائش کی ہے ۔ باگلے نے کہا کہ اس سے واضح ہے کہ پاکستان دہشت گردی کی حمایت کرتا ہے اور اسے اسپانسر بھی کرتا ہے ۔ دہشت گردی کی حمایت کرنے کے لئے پاکستان کی ہر کسی کو مذمت کرنی چاہئے ۔قابل ذکر ہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف نے برہان کی برسی پر کل کہا تھا کہ اس کی موت سے وادی کشمیر میں 'آزادی کی جدوجہد' کو نئی طاقت ملی ہے ۔ پاکستانی فوج کے کمانڈرقمر جاوید باجوا نے بھی اس کی تعریف کی تھی ۔