سرینگر //سنیچر کی شام ریاستی انتظامیہ نے دو روز بعد موبائل اور براڈ بینڈ انٹر نیٹ سروس بحال کر دی جبکہ سنیچرکو معطل رہنے والی یاترا اور ٹرین سروس بھی اتوار کو بحال کی گئی ۔معلوم رہے کہ ریاستی سرکار کی جانب سے معروف حزب کمانڈر برہان وانی کی برسی کے موقعہ پر وادی میں امن وعمل کی صورتحال کو بحال رکھنے کیلئے انٹر نیٹ سروس کو جمعہ کی شام سے بند کر دیا گیا تھا تاہم سنیچر کی شام قریب پونے دس بجے موبائل انٹر نیٹ کی 2جی سروس بحال کی گئی اور اتوار کی صبح بی ایس این ایل براڈبینڈ انٹر نیٹ سروس بحال ہوئی ۔ 3جی اور 4جی انٹر نیٹ موبائل سروس اتوار قریب 4بجے بحال کی گئی ،جبکہ 2جی سروس جنوبی کشمیر کے علاقوں میں بحال کی گئی ۔ اس دوران شری امرناتھ یاترابھی ایک دن کی معطلی کے بعد اتوار کو بحال ہو گئی اور 4,411یاتروں نے جموں سے کشمیر کا سفر کیا ۔ ادھر ٹرین سروس مسلسل دو روز تک بند رہنے کے بعد اتور کو بحال کی گئی ۔محکمہ ریلوے کے ریجنل افسر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انتظامیہ کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد بانہال سے بارہمولہ اور بڈگام کی طرف معمول کے مطابق ٹرینوں کو چلایا گیا ۔