جموں//نواحی علاقہ ڈنسال میں ایک شادی شدہ خاتون کوپراسرارطورپر پنکھے کے ساتھ لٹکاہواپایاگیاجس کے بعد مائیکے والوں نے الزام لگایاہے کہ مزید جہیزکی مانگ کے سلسلے میں ان کی بیٹی کامبینہ طورپرقتل کیاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق نسیم اختر دخترسخی محمد ساکن ڈنسال کی شادی ڈنسال کے بڈسوگائوں میں 14 مہینے کے پہلے ہوئی تھی ۔اہل خانہ کاکہناہے کہ سسرال والے نسیم اخترسے مزید جہیز لانے کی مانگ کرتے تھے جس کے بارے میں اس نے کئی بار مائیکے میں بتایاتھا۔گذشتہ روزنسیم اخترکے پڑوسیوں نے مائیکے والوں کوفون کرکے بتایاکہ ان کی بیٹی نے خودکشی کرلی ہے پھر مائیکے والے ،گائوں کے کچھ معززلوگوں کے ہمراہ اپنی بیٹی کے سسرال گئے جہاں پرانہوں نے نسیم اختر کو پنکھے کے ساتھ پراسرارطورپرلٹکاہواپایا۔ اس دوران پولیس کی ٹیم بھی موقعہ پرپہنچی اس نے نعش کواپنی تحویل میں لے لیااورپوسٹ مارٹم کرایا۔اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات شروع کردی ہے۔