سرینگر//ماحولیاتی رضا کاروں اور پہلگام ہوٹل اونرس ایسوسی ایشن کا ایک گروپ آصف اقبال برزہ کی قیادت میں یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا سے ملاقی ہوا ۔ ماہر ماحولیات محمد تسلیم نے پہلگام اور یاترا کے راستوں پر ٹھوس کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے کیلئے گورنر کو ایک پرذنٹیشن دی ۔ گروپ نے شری امر ناتھ جی شرائین بورڈ کے ساتھ اس مقصد کیلئے تال میل کے ساتھ کام کرنے کی خواہش ظاہر کی ۔ گورنر نے اس مقصد کے حصول کیلئے گروپ کی کوشش کی سراہنا کی ۔ انہوں نے وادی بھر میں سال بھر صفائی ستھرائی اور کوڑا کرکٹ کو مناسب طریقے پر ٹھکانے لگانے کیلئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے گروپ پر زور دیا کہ وہ اس مقصد کیلئے جانکاری عام کریں ۔ گورنر نے کہا کہ انہوں نے حال ہی میں نون ون اور بال تل میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹوں کے کام کاج کا معائینہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شرائین بورڈ کے سی ای او امنگ نرولہ ان پلانٹوں کے فروغ کیلئے مزید اقدامات کر رہے ہیں ۔ اس موقعہ پر پہلگام ہوٹل اونرس ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری دلدار خان، سماجی کارکن راجی مظفر ، ماحولیاتی رضا کار ناصر خان ، ماہر قانون طفیل احمد کے علاوہ یاسمین علی اور رمنیک کور بھی موجود تھیں ۔ کلچرل اکاڈمی کے سیکرٹری ڈاکٹر عزیز حاجنی نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔انہوں نے گورنر کو جموں وکشمیر اکاڈمی آف آرٹ کلچر اینڈ لینگویجز کے پچھلے دو برسوں کی سرگرمیوں کے بارے میں جانکاری دی۔ انہوں نے ریاست اور بیرون ریاست میں روائتی آرٹ، ثقافت، زبان اور ادب کو فروغ دینے کے لئے کئے جارہے اقدامات کے بارے میں گورنر کو آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ اکاڈمی میں کشمیر کلچرل سینٹر قائم کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ مرکز دانشوروں، ادیبوں اور فنکاروں کے ملنے کی ایک بہترین جگہ ہوگی۔گورنر نے ڈاکٹر حاجنی پر زور دیا کہ وہ اکاڈمی کے مقاصد کو حاصل کرنے اور اپنے کام کاج میں بہتری لانے کے لئے اختراعی کوششیں جاری رکھیں۔ادھرکشمیریونیورسٹی کے شعبہ ارتھ سائنسز کے سربراہ پروفیسر شکیل احمد رومشو نے یہاں راج بھون میں گورنر این این ووہرا کے ساتھ ملاقات کی۔پروفیسر رومشو نے ریاست میں ارتقائی عمل میں شراکت داری کے لئے ایک میکانز م کے تعلق سے گورنر کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جس کے تحت یونیورسٹیاں منصوبہ سازوں کے ساتھ رابطہ کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ریاست کو درپیش مسائل کی نشاندہی کے لئے یونیورسٹیوں میں ورکنگ گروپ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔پروفیسر رومشو کے ساتھ تبادلہ خیال کے بعد گورنر نے کہا کہ دیہات کی اقتصادی گنجائش کے بارے میں سروے کرنے سے اُن دیہات کی اقتصادی ترقی میں مدد مل سکتا ہے اور لوگوں کے مسائل پر بہت حد تک قابو پایا جاسکتا ہے ۔ اس سلسلے میں گورنر نے ریاست میں منصوبہ سازی کے حکام کے ساتھ مزید مشاورت پر زور دیا ہے۔