کپوارہ//سرحدی ضلع کپوارہ کے نو گام ہندوارہ سیکٹر میں فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تازہ در اندازی کے دوران فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان گھمسان کی جھڑپ میں 3 جنگجو جا ں بحق ہوئے تاہم پولیس نے جھڑپ کی تصدیق نہیں کی ۔فوج کا کہنا ہے کہ فوج کے 17انفنٹری بر یگیڈ سے وابستہ 1/4GR, 35RR, اور 20ڈوگرہ رجمنٹ کے اہلکاروں نے نو گام سیکٹر ہندوارہ میں توت مار گلی کے نزدیک مسلح جنگجوئو ں کو پاکستانی زیر انتظام کشمیر سے دراندازی کر کے مشکوک حالت میں دیکھا ۔ فوج کا کہنا ہے کہ فوج نے جنگجوئو ں کو ہتھیار ڈالنے کی پیش کش کی تاہم جنگجوئو ں نے فوج پر فائرنگ کی جس کے بعد طرفین کے درمیان گھمسان کی جھڑپ کا سلسلہ شروع ہو ا اور ابتدائی طور فوج نے دعویٰ کیا کہ اس جھڑپ میں 3جنگجو جا ں بحق کئے گئے جبکہ ابھی علاقہ میں وقفے وقفے سے گولیو ں کا تبادلہ جاری ہے۔فوج کا مزید کہنا ہے کہ علاقہ میں مزید کمک طلب کی گئی ہے اور ایک وسیع حصے کو فوج نے محاصرے میں لیا ہوا ہے ۔نوگام سیکٹر میں جھڑپ سے متعلق ہندوارہ پولیس نے بتا یا کہ انہیں جھڑپ کے حوالے سے صرف فوج سے ہی پتہ چلا ہے لیکن جب تک نہ جا ں بحق ہوئے جنگجوئو ں کی نعشو ں کو بر آ مد کیا جائے گا تب تک پولیس جھڑپ کی تصدیق نہیں کرسکتی ۔واضح رہے رو اں سال میں نو گام سیکٹر میں فوج اور جنگجوئو ں کے درمیان 10جنگجو اور3فوجی اہلکار مارے گئے ہیں ۔