راجوری //حد متارکہ پر پونچھ سیکٹر میں ہندوپاک افواج کے درمیان جنگ کا سماں ہے اور حالات اس قدر کشیدہ ہیں کہ آر پار چلنے والی بس سروس کو معطل کردیاگیا جبکہ ٹریڈ سنٹر کو بھی گولہ باری کی وجہ سے نقصان پہنچاہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایاکہ بس سروس کے ذریعہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر اپنے گھرجانے والے چودہ افراد پونچھ پہنچے تاہم سرحد ی کشیدگی کو دیکھتے ہوئے انہیں روک دیاگیا۔ذرائع کاکہناہے کہ حد متارکہ پر حالات کشیدہ ہیں اور دونوں طرف سے بڑی تعداد میں گولیاںاور مارٹر شیل داغے جارہے ہیںجس کو دیکھتے ہوئے مسافروںکو روک لیاگیاہے کیونکہ ان کی جان خطرے میں نہیں ڈالی جاسکتی ۔ ذرائع کاکہناہے کہ ان تمام مسافروں کو پونچھ میں رکھاگیاہے اور جیسے ہی بس سروس کو آگے جانے کی اجازت دی جائے گی ،ان کو واپس وطن روانہ کردیاجائے گا۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ پونچھ سے راولاکوٹ بس سروس ہر سوموار کو حد متارکہ کے آر پار ہوتی ہے اور لوگ اس راہداری سے پرمٹ کے ذریعہ سفر کرتے ہیں ۔بس سروس معطل کردیئے جانے کے بعد تجارت بھی ملتوی ہونے کا امکان ہے ۔ذرائع کاکہناہے کہ تجارت کو جاری رکھنے یا ملتوی کرنے کے بارے میں فیصلہ شام یا علی الصبح کیاجائے گا۔دریں اثناء دونوں ممالک کی افواج کے درمیان شدیدگولہ باری کا تبادلہ ہورہاہے اور گزشتہ شام پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے کچھ مارٹر گولے ٹریڈ فیسیٹیشن سنٹر پر پڑے جس کی وجہ سے اس عمارت کی چھت اور دیواروں کو شدید نقصان پہنچا۔ذرائع نے بتایاکہ نو سے گیارہ مارٹر شیل ٹی ایف سی چکاں داباغ پر آن گرے جس کی وجہ سے عمارت کے انتظامی بلاک کو مزید نقصان پہنچا۔واضح رہے کہ تین ماہ قبل بھی اس عمارت کو گولہ باری سے نقصان پہنچاتھا۔ٹی ایف سی چکاںداباغ کسٹوڈین تنویر احمد نے اس بات کی تصدیق کی کہ آر پار بس سروس کوحد متارکہ پر کشیدگی کی وجہ سے معطل کردیاگیا۔انہوںنے مزید بتایاکہ ٹی ایف سی کے انتظامی بلاک کو گزشتہ روز کی شلنگ سے مزید نقصان پہنچاہے ۔کسٹوڈین کے مطابق تجارت جاری رکھنے کے بارے میں شام یا علی الصبح فیصلہ لیاجائے گا۔واضح رہے کہ تین روز قبل پونچھ کے کھڑی کرماڑہ سیکٹر میں میاں بیوی کی ہلاکت ہوگئی تھی جبکہ تین لڑکیاں زخمی ہوئیں جو زیر علاج ہیں ۔ پاکستانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ حد متارکہ پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کے جواب میں4 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی مورچے تباہ ہو گئے۔ادھر بھارتی فوج کا دعویٰ ہے کہ حد متارکہ پر پاکستانی فوج کی اشتعال انگیزی کا بھر پور جواب دیا گیا جس میں2پاکستانی فوجی ہلاک اور 6دیگر زخمی ہوئے اور کئی مور چے تباہ ہوئے ۔ادھر فوج نے پاکستان کے اس دعوے کو مسترد کیا ہے جس میں کہاگیا تھا کہ ایل او سی پر فائرنگ کی زد میں آکر بھارت کے 4فوجی اہلکار مارے گئے ہیں ۔نئی دہلی میں دفاعی ترجمان نے سوموار کو کہا کہ پاکستانی فوج کی جانب سے ایل او سی پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی زد میں عام شہری آئے ہیں فوج کا جولائی مہینے میں کوئی نقصان نہیں ہوا ہے ۔۔انہوں نے کہاکہ بھارتی افواج پاکستان کی طرف سے ہونے والی فائرنگ کا جواب دے رہی ہے ۔