بڈگام//ضلع مجسٹریٹ بڈگام کے مطابق انسانی حقوق کے قومی کمیشن اورایپکس کورٹ کی ہدایات کے تحت یچھ بڈگام میں ایسے 34مزدوروں کو چھڑا لیا گیا جن سے اینٹ بٹھوں میں 2012ء سے زبردستی کام لیا جارہا تھا۔ان مزدوروں کو اُن کے آبائی گائوں روانہ کردیا گیا ہے۔اس موقعہ پر ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ انسانی حقوق کے قومی کمیشن اورایپکس کورٹ کی ہدایات پر من وعن عملدر آمد کو یقینی بنایا جائے گا اورکوشش یہ کی جارہی ہے کہ ضلع میںجہاں بھی مزدوروں سے زبردستی کام لیا جارہا ہے وہاں فوری کارروائی کی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو ان جگہوں کی نشاندہی کرے گی جہاں مزدوروں سے زبردستی کام لیا جاتا ہے تاکہ ان مزدوروں کو بھی چھڑا لیا جاسکے۔ضلع مجسٹریٹ نے مزید بتایا کہ ضلع بڈگام میں تمام اینٹ بٹھوں کے مالکان تک یہ واضح پیغام پہنچایا گیا ہے کہ وہ اسسٹنٹ لیبر کمیشن کی ہدایات کا پوری طرح احترام کریں ورنہ اُن کے خلاف لیبر ایکٹ کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔