کپوارہ// سرحدی ضلع کپوارہ میں حد متارکہ پر اُس وقت صورتحال انتہائی کشیدہ ہوئی جب ہند پاک افواج کے درمیان گولہ باری میں بھارتی فوج کے2اہلکار ہلاک ہوئے ۔دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے بتایا کہ بدھ کی دوپہر 2بجکر 20منٹ پر پاکستانی فوج نے کپوارہ کے فرکیاں چوکی بل سیکٹر میں بھارت کی اگلی چوکیوں کونشانہ بناتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس میں فوج کے دو اہلکار مارے گئے ۔انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کا معقول جواب دیا گیا۔ طرفین کے مابین بعد دوپہر گولہ باری کاسلسلہ شروع ہوا ،جو وقفے وقفے سے شام دیر گئے تک جاری رہا ۔ لائن آف کنٹرول پر گولہ باری کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں خوف وہراس کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے محفوظ مقامات میں پناہ لی۔کیرن سیکٹر میں پاکستانی فوج نے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنایا جس کے دوران پاکستانی فوج کے کئی گولے فرکن کرالہ پورہ کے فوجی کیمپ پر گرے جسمیں دو اہلکار ہلاک ہوگئے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج کی گولہ باری اس قدر شدید نوعیت کی تھی کہ حد متارکہ سے کئی کلو میٹر اندر گولے گرے۔