سرینگر//ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر فاروق احمد لون نے کل زیرو برج کے مقام پر دریائے جہلم میں ٹرائیل بنیادوں پر آبی ٹرانسپورٹ خدمات کی شروعات کی۔ ان کے ہمراہ جے کے ٹی ڈی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ، ناظم سیاحت کشمیر اور ایڈیشنل کمشنر سرینگر بھی تھے۔یہ خدمت وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور صوبائی کمشنر بصیر احمد خان کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سہولیات پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اسے نہ صرف روایتی آبی ٹرانسپورٹ کو بحال کرنے میں مدد ملے گی بلکہ دریائے جہلم کے کناروں پر واقع ثقافتی ڈھانچوں کو فروغ دینے میں بھی مدد ملے گی۔ پہلے مرحلے میں 18اور 8 مسافروں کو لے جانے والی دوکشتیاں روایتی نرخوں پر محکمہ سیاحت کی طرف سے متعارف کرائی جائیں گی۔ناظم سیاحت نے کہا کہ اس قدم سے آبی ٹرانسپورٹ کو بحال کرنے اور شہر خاص کے آرکٹیکچر کو مدد ملے گی۔یہ سہولیت جے کے ٹی ڈی سی اور محکمہ سیاحت کے اشتراک سے دستیاب کرائی گئی ہے۔