سرینگر//شہدائے کشمیر کو تحریک حریت کے عظیم ہیرو قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ان شہداء کاخون کا ایک ایک قطرہ ہماری خودداری ، آزادی اور آبرو کا ضامن ہے اوریہ خون ہم پر ایک قرض ہے۔مزار شہداء پر حاضری دینے کے بعدڈاکٹر فاروق عبداللہ نے نامہ نگاروںسے کہا ’ڈوگرہ راج نے ہی یہ (قتل عام) کیا تھا۔ وہ (بی جے پی والے) کیسے آئیں گے۔ اُن کا ووٹ بینک وہاں (جموں میں) ہے۔ واضح ہے کہ وہ (بی جے پی) اُن کے (پی ڈی پی )ساتھ یہاں نہیں آئیں گے۔ یہ گٹھ بندھن صرف کرسی پر بیٹھنے اور لوٹنے کے لئے ہے‘۔نیشنل کانفرنس صدر نے کہا کہ شہیدوں نے ہماری راہوں کو آسان بنادیا تھا اور ہماری تنظیم نیشنل کانفرنس اِن ہی قربانیوں کی پیداوار ہے اور یہ تنظیم آج بھی انہی شہداء کے اصولوں پرگامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے گرم گرم لہو کی بدولت ہی جموں وکشمیر کے لوگوں کو روشن مستقبل نصیب ہواکیونکہ انہی کی قربانی سے ریاست میں غلامی کا خاتمہ ہوا اور جمہوریت پروان چڑھی۔