بانہال // بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت کئی گھنٹوں تک بند رہی۔بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب ہوئی بارشوں کی وجہ سے شاہراہ پر کھیری ، ادہمپور کے مقام پر پسیاں گر آئیں جبکہ بیٹری چشمہ اور پنتھیال میں بھی پسیاں اور پتھر گر آئے اور شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت جمعرات کی صبح سے ہی بند کر دینا پڑی۔ڈگڈول کے مقام پر گر آنے والے پتھر کی زد میں آ کر ایک یاتری زخمی ہوا ۔ اس واقع میں زخمی ہوئے یاتری کی شناخت سرت تمارکر ولد سریش ساکن بیگم گنج ، ضلع رائے سین مدھیہ پردیش کے طور کی گئی ۔ اسی طرح کے ایک اور واقع میں سرینگر سے جموں کی طرف واپس جارہی ایک یاترا بس پر پنتھیال کے مقام پتھر گر آئے تاہم اس میں کسی بھی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہو۔ اس حادثے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے ۔ اس کے علاوہ پنتھیال کے مقام پرکئی مسافر پتھر گرنے کی وجہ سے معمولی زخمی ہوئے۔ موسم میں بہتری آنے کے بعد شاہراہ پر کھیری ، بَلی نالہ ، ادہمپور اور پنتھیال میں پسیوں اور پتھروں کو صاف کیا گیا اور شاہراہ کو دوطرفہ ٹریفک کیلئے فعال بنایا گیا۔ شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے یاترا کم از کم تین گھنٹوں تک ادہمپور کے مقام پر روک دی گئی ۔