راجوری //چکاں دا باغ پونچھ کے راستے ہونے والی آر پارتجارت سرحدی کشیدگی کی وجہ سے بدستور معطل ہے جبکہ ہندوپاک افواج کے درمیان پھر سے فائرنگ اور گولہ باری کاتبادلہ ہواہے ۔ جمعہ کے روز بھی آر پار تجارت معطل رہی ۔ذرائع نے بتایاکہ پونچھ سے دس مال بردار ٹرکوں کو روانگی کیلئے تیار رکھاگیاتھاتاہم سرحدی کشیدگی کی وجہ سے انہیں آگے جانے سے روک دیاگیا۔ اس ہفتے انتظامیہ کی طرف سے لگ بھگ 105مال بردار ٹرکوں کواُس پار روانہ کیاجاناتھا تاہم سرحدی کشیدگی نے تجارتی سلسلہ ہی معطل بنادیاہے اور ایک بھی گاڑی سرحد پار نہیں جاسکی۔واضح رہے کہ سوموار کو دونوں ممالک کے درمیان جانے والی بس سروس معطل رہی جس کی وجہ سے چودہ مسافروں کو پونچھ میں درماندہ رہناپڑا۔اسی طرح سے منگل ، بدھ اور جمعہ کے روز تجارتی عمل بھی جاری نہیں رہ سکا اور اس پورے ہفتے نہ ہی تجارت اور نہ ہی بس سروس آر پار جاسکی ۔ایل او سی ٹریڈ سنٹر چکاں داباغ پونچھ کے کسٹوڈین تنویر احمد نے جمعہ کے روز بھی تجارتی عمل معطل رہنے کی تصدیق کی ۔یہ بات قابل ذکر ہے کہ اسی ہفتے ہونے والی شدید فائرنگ اور گولہ باری میں ٹریڈ سنٹر چکاں داباغ کو بھی نشانہ بنایاگیاجس کی وجہ سے اس کی عمارت کو نقصان پہنچاہے ۔دریں اثناء جمعہ کے روز بھی پونچھ کی اگلی چوکیوں پر دونوں ممالک کی افواج کے درمیان فائرنگ اور گولہ باری کا تبادلہ ہواتاہم اس دوران کسی بھی طرح کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ۔