سرینگر/ انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغاسید حسن الموسوی الصفوی نے شہر سرینگر میں جمعہ کرفیو بالخصوص مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ پر متواتر قدغن کو مداخلت فی الدین کی بدترین مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ جمعۃ المبارک کا دن اور نماز جمعہ اپنے عبادی اور سیاسی پہلو کے اعتبار سے اسلام اور مسلمین کیلئے بے پناہ اہمیت اور تقدس کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ مسلمان معاشرے کے تشخص کی واضح علامت ہے۔ قدیمی امام باڑہ حسن آبادسرینگر میں بھاری جمعہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے آغا حسن نے عین جمعۃ المبارک کے موقعہ پے شہر سرینگر اور دیگر مقامات پر اعلانیہ یا بلا اعلان کرفیو نافذ کرکے ریاستی انتظامیہ جمعۃ المبارک کے تقدس کو پامال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام کی مذہبی آزادی سلب کرکے ظلم و تسلط کی خلاف عوام کی احتجاجی آواز کو دبایا نہیں جاسکتااور کشمیری مظلوم قوم کی بے مثال قربانیاں اور مظلومیت ضرور رنگ لائے گی۔