سرینگر// دختران ملت، اسلامک پولیٹکل پارٹی اور ینگ مینز لیگ نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے بیان کو خوش آئند قرار دیا ہے۔دختران ملت نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں پہلے سے ہی کشمیر کے حوالے سے حق خودارادیت کی قرار دادیں موجود ہیں اور مسئلہ کشمیر کا ان قراردادوں سے باہر کوئی پر امن اور بہترین حل نہیں۔تنظیم کی جنرل سیکریٹری ناہیدہ نسرین نے کہا کہ بھارت پاکستان کو آج کوئی نیا حل تلاش کرنے کی کوئی ضرورت نہیں کیونکہ ایک قابل قبول اور حتمی حل پہلے ہی اقوام متحدہ کی قرار دادوں میں موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو چاہئے کہ وہ ان قراردادوں پر عمل آوری کیلئے بھارت پر دباو بنائے جس کام کیلئے پہلے ہی بہت تاخیر ہو چکی ہے۔انہوںنے کہا کہ کشمیری اسی حل کیلئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں سے اپیل کرتے آرہے ہیں۔ ادھر اسلامک پولیٹکل پارٹی کے چیئرمین محمد یوسف نقاش اور ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی نے اقوام متحدہ کاتنازعہ کشمیر سے متعلق بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے عالمی قیادت کو عملی اقدامات کرنے کی تلقین کی ہے ۔ بیان کے مطابق موجودہ دور میں جنگ و جدل اورتناﺅ سے مسائل سلجھنے کے بجائے الجھ رہے ہیں اور انسانی آبادی کو شدید خطرہ لاحق ہے ۔