سرینگر// اننت ناگ میں یاتریوں پر ہوئے حملے کے بعد جہاں جنوبی کشمیر میں فورسز نے تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ شروع کیا ہے وہیں شہر سرینگر میں چیکنگ اور تلاشیوں کا سلسلہ وسیع کردیا گیا ہے۔ یاتریوں پر ہوئے حملے کے بعد جنوبی کشمیر میں فورسز کو الرٹ کردیا گیا ہے اور تلاشی کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے جبکہ شہر سرینگرمیں بھی اب گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے اورحساس علاقوں میں پولیس و فورسزکا گشت بڑھا دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں اور خاص طور سے شہرمیں داخل ہونے والے راستوں پر پولیس و سی آر پی ایف نے چیکنگ اور تلاشیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔ اتوار کو بٹہ مالو سے جہانگیر چوک تک فائر اینڈ ایمر جنسی سروسز ہیڈ کوارٹر کے سامنے گاڑیوں کو روکا جارہا تھا اور یہاں پولیس اور سی آر پی ایف اہلکار گاڑیوں کی تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ مسافروں کے شناختی کارڈ چیک کر رہے تھے۔ناکے پر تعینات اہلکار ڈرائیوروں اور مسافروں کی جامہ تلاشی لینے کے علاوہ ان کے شناختی کارڈ چیک کرتے ہوئے نظر آئے ۔چیکنگ کے دوران اہلکاروںکو کئی آٹو رکھشوں کی کھڑکیاں اکھاڑتے ہوئے بھی دیکھا گیا۔ ناکے پر تعینات ایک اہلکار نے بتایا 'ہمیں آٹو رکشوں کی کھڑکیاں ہٹانے کے احکامات ملے ہیں۔اس کے علاوہ پولیس اور سی آر پی ایف نے شہر کے کئی علاقوں جن میںسونہ وار ،قمرواری ، پارم پورہ کراسنگ ، مہجور چوک (پانتہ چھوک ) اور و دوسرے علاقوں خصوصی ناکے لگائے ہیں جہاںسڑکوںپر رکاوٹیں کھڑا کرکے گاڑیوں کو روکا جارہا ہے اور ان میں سوار مسافروں کو گاڑیوں سے نیچے اتار کر ان کی جامہ تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ شناختی کارڈ چیک کئے جارہے ہیں۔بائی پاس پر بھی پرکئی مقامات پر ہنگامی چیک پوائنٹ قائم کرکے گاڑیوں کی تلاشی اورمسافروں کی چیکنگ کاعمل تیزکردیاگیاہے۔پانتہ چھوک سے پارمپورہ تککئی مقامات پر گاڑیوں کو روکا جارہاہے اورپولیس ، ٹاسک فورس اور سی آر پی ایف کے اہلکار گاڑیوں کی تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ ان میں سفر کرنے والے سبھی لوگوں کے شناختی کارڈ چیک کر رہے ہیںاور یہ سلسلہ دیر رات گئے تک جاری رہتا ہے۔