سرینگر//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کل سکمز کا دورہ کر کے وہاں سرینگر جموں شاہراہ پر رام سو کے نزدیک پیش آئے سڑک حادثے میں زخمی ہوئے یاتریوں کی عیادت کی ۔ وزیر تعلیم سید الطاف بخاری ، صحت و طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت اور اسی محکمے کی وزیر مملکت آسیہ نقاش بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔ نائب وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں سے زخمی یاتریوں کی حالت اور انہیں دئیے جا رہے علاج و معالجہ کے بارے میں جانکاری حاصل کی ۔ ڈاکٹر سنگھ اور وزراء کو زخمیوں کے علاج و معالجے کے بارے میں تفصیل سے جانکاری دی گئی ۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ سے کہا کہ وہ زخمی یاتریوں بالخصوص شدید طور زخمی ہوئے یاتریوں کو خصوصی طبی سہولیات بہم رکھیں ۔ دورے کے دوران صوبائی کمشنر کشمیر بصیر خان اور ضلع ترقیاتی کمشنر سرینگر ڈاکٹر فاروق احمد لون بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے ۔