بانڈی پورہ//کلوسہ بانڈی پورہ میں ناصاف پانی سپلائی کئے جانے کے خلاف لوگوں نے گھروں سے نکل کر سوپور بانڈی پورہ شاہراہ پر تین گھنٹے تک بطور احتجاج دھرنا دے کر شاہراہ کوبند کردیا۔ اس دوران کالج طلاب ملازمین وتاجروں کو ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے زبردست عذاب کا سامنا کرنا پڑا۔ احتجاج کرنے والے لوگوں کا مطالبہ تھا کہ جب تک ڈپٹی کمشنر بانڈی پورہ دھرنا کی جگہ پر آکر صاف پانی فراہم کرنے کی یقین دہانی نہ کریں تب تک دھرنا جاری رہے گا ۔اس دوران تحصیلدار بانڈی پورہ مبشر نازکی نے دھرنا پر بیٹھے لوگوں کو سمجھابجھا کر یقین دہانی کی جس کے بعد دھرنا پر بیٹھے مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے احتجاج کرنے والوں نے بتایا کہ سنروانی وانی آرمی کیمپ کے سامنے نالہ مدمتی میں پائپیں ڈال کر غلیظ پانی کو کلوسہ وٹہ پورہ ودیگر بستیوں کو سپلائی کیا جاتا ہے جس میں آرمی بٹالین کیمپ سے نکلنے والا ناصاف پانی بھی نالہ مدمتی کے پانی کے ساتھ مل کر نلکوں میں سپلائی ہورہا ہے جس کی وجہ سے ان بستیوں میں غلیظ پانی سے مہلک بیماریاں پھوٹ پڑنے کا احتمال ہے ۔ لوگوں نے الزام عائد کیا کہ پی ایچ ای محکمہ ہر سال کروڑوں روپے خرچ کرکے کاغذوں میں صاف پانی سپلائی کا دعویٰ کرتے ہیںلیکن آرم پورہ سنروانی کا فلٹریشن پلانٹ ودوسری اسکمییں بیکار پڑی ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو آلودہ پانی سپلائی کیا جاتا ہے سراپا احتجاج لوگوں نے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ پی ایچ ای بانڈی پورہ کی اعلی سطح پر جانچ کیا جائے اور فوری طور فلٹر پانی سپلائی کیا جائے ۔