گرمائی تعطیلات کے بعد تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر//دس روزہ گرمائی تعطیلات کے بعدسخت گرمیوں کے بیچ وادی کے کم وبیش تمام سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے پیر کو دوبارہ کھل گئے۔اس دوران محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں میں گرمی کی تپش جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے جس پر والدین میںبچوں کے حوالے سے تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔محکمہ تعلیم نے6جولائی سے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں میں دس روزہ گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا تھا جو اتوار16جولائی کو ختم ہوگئی۔حالانکہ جب چھٹیوں کا اعلان کیا گیا تو وادی میں زیادہ گرم موسم نہیں تھا بلکہ عام تاثر یہی ہے کہ حکام نے جنگجو کمانڈر برہان وانی کی پہلی برسی کے موقع پر امکانی گڑ بڑ کے دوران تعلیمی ادارے بند رکھنے کےلئے گرمائی تعطیلات کا اعلان کیا۔قابل ذکر ہے کہ مزاحتمی قیادت نے7سے13جولائی تک احتجاجی کلینڈر بھی جاری کیا تھا۔گرمائی تعطیلات کے بعد پیر کوکم و بیش تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے ۔اس سلسلے میں رنگ برنگی وردیوں میں ملبوس اسکولی بچے صبح سے ہی سڑکوں پر نظر آئے اور اسکولوں کے باہر بچوں کی غیر معمولی گہما گہمی دیکھنے کو ملی۔اس طرح بیشتر سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں درس وتدریس کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوئیں ۔تاہم سخت گرمی کی وجہ سے کتابوں کے بھاری بستے لئے معصوم بچے بیحال نظر آئے ۔ قابل ذکر ہے کہ وادی کے بیشتر تعلیمی اداروں میں پنکھوں کا کوئی انتظام نہیں ہے جس کے باعث اسکولی بچے سخت مشکلات کا سامنا کررہے ہیں۔گرمائی چھٹیوں کے بیچ اگر چہ تعطیلات میں مزید اضافے کی پیش گوئیاں کی جارہی تھیں لیکن حکومت اپنے فیصلے پر کاربند رہی اور تعلیمی ادارے مقررہ وقت پر دوبارہ کھل گئے۔اس دوران والدین نے محکمہ تعلیم کے اس فیصلے پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرمائی تعطیلات میں اضافہ انتہائی ضروری تھا کیونکہ گزشتہ چند دنوں سے وادی میں گرمی کی سخت لہر جاری ہے جس کے باعث بچوں کو اسکول آنے جانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس دوران محکمہ موسمیات کی اس پیشن گوئی نے والدین کی تشویش میں مزید اضافہ کر دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں اہل کشمیر کوگرمیوں سے راحت ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے ۔محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس نے کہا کہ آنے والے قریب ایک ہفتے تک وادی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت32ڈگری سیلشیس کے آس پاس رہے گا۔انہوں نے کہا کہ اس عرصے کے دوران اگر چہ کسی کسی جگہ بارش کا امکان موجود ہے لیکن گرمی کی شدت میں کوئی فرق نہیں پڑے گا۔()
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *