گاندربل//پیٹھ پورہ بی ہامہ کے آستانہ محلہ میں معروف بزرگ وحید صاحب کی زیارت اور مسجد شریف کے لئے تعمیر کے گئے بیت الخلا کی زیرزمین ٹینکی میں دراڑیں پڑگئی ہیں جس کی وجہ سے ٹینکی میں موجود لاکھوں کی تعداد میں کیڑے بستی میںپھیل گئے ہیں جس کے نتیجے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے میونسپل کمیٹی کی تمام کوششیں ابھی تک ناکام ہوئی ہیں ۔ چند روز قبل آستان محلہ پیٹھ پورہ بیہامہ میں اچانک عجیب قسم کے کیڑے مکوڑے نمودار ہوئے جو بستی کے گلی کوچوں کے ساتھ ساتھ رہائشی مکانوں میں بھی داخل ہوئے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ان کیڑوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا اور اب علاقے کے درختوں پر بھی ان کی بھاری تعداد نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں ہر سو کیڑے مکوڑے نظر آرہے ہیں اور ان کی تعداد لاکھوں تک پہنچ گئی ہے جس کے نتیجے میں لوگوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔بشیر احمد نامی ایک مقامی شہری نے بتایا کہ کسی مخصوص جگہ پر صفائی کرنے کے ایک گھنٹے بعد ہی دوبارہ کیڑے نمودار ہوجاتے ہیںاور یہ نہ تھمنے والا سلسلہ ابھی جاری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس بارے میں انہوں نے ڈپٹی کمشنر گاندربل کے پاس شکایت بھی دراج کرائی۔ڈی سی گاندربل ڈاکٹر پیوش سنگلانے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے میونسپل کمیٹی کو ضروری کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت دی ہے۔تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے اہلکاروں نے کئی بار دوائی کا چھڑکاﺅ کیا لیکن صورتحال جوں کی توں ہے او ر کیڑوں کی تعداد میں کوئی کمی نظر آنے کے بجائے ان میں دن بہ دن اضافہ ہی ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال اس قدر تشویشناک ہے کہ علاقے میں بیماریاں پھیلنے کا احتمال ہے اور کئی کنبے ترک سکونت کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔ میونسپل کمیٹی گاندربل کے ایگزیکٹیو آفیسر متین احمد نے کہا کہ اگر چہ چھڑکاﺅ کے نتیجے میں کیڑوں کی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے لیکن اب بھی علاقے میں کیڑوں کی بڑی تعداد نظر آرہی ہے۔