کمان پوسٹ اوڑی // وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے مابین امن اور دوستی سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پر فتح پانے میں مدد ملے گی۔انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ لائن آف کنٹرول کے آر پار سفر اور تجارت کی سرگرمیوں کو مزید وُسعت دی جائے گی اور تجارت و سفر کے تبادلے میں اضافہ ہوگا۔وزیر اعلیٰ نے غریبی، بے روز گاری اور رشوت ستانی کو دونوں ممالک کا سب سے بڑا دشمن قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے ذریعے وسائل کو جٹانے کی تجویز رکھی تا کہ ان مسائل پر قابو پایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ سرحدوں کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا البتہ انہیں عوام، طُلباء، فنکاروں اور دیگر گرؤپوں کے تبادلوں کے ذریعے بے معنی بنایا جاسکتا ہے۔لائن آف کنٹرول پر روائتی راستوں کو کھولنے پر زور دیتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ اس سے دونوں اطراف کے عوام کو نزدیک لانے، ایک دوسرے کی مشکلات کو سمجھنے اور کشیدگی اور تشدد کو روکنے میں مدد ملے گی جس نے لمبے عرصے سے ہماری ریاست کو یرغمال بنایا ہے۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ لائین آف کنٹرول کے اطراف تجارت اور سفر کے لئے کھولنے کا مقصد دونوں اطراف کے عوام کو نزدیک لاکر دوستی کے نئے باب کو شروع کرنا تھا۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ لائین آف کنٹرول کے اطراف سفر اور تجارت کو مزید فروغ دیا جائے گا تا کہ دونوں اطراف کے عوام کو ایک دوسرے کو سمجھنے میں مدد ملے۔وزیر اعلیٰ نے سلام آباد میں ٹورسٹ فیسلی ٹیشن سینٹر کا بھی سنگ بنیاد رکھا جس کی تکمیل سے وہاں بہترین گیسٹ ہاؤس، ریستورنٹ، دستکاری کی دُکان اور پارک کی سہولیت بھی دستیاب ہوگی۔ اگلے سال کے آخر تک پروجیکٹ کے مکمل ہونے کی توقع ہے۔وزیر اعلیٰ نے کراس ایل او سی تاجروں سے تفصیلی میٹنگ بھی کی۔ محبوبہ مفتی نے بارہ مولہ ضلع میں مختلف سڑک پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ انہوں نے سوپور کے لئے16 لاکھ ایم جی ڈی واٹر سپلائی سکیم کا بھی افتتاح کیا۔وزیر اعلیٰ نے ذہن پورہ۔ شاہدرہ سڑک کا چاہل کے مقام پر سنگ بنیاد رکھا ۔۔جِنگل کے مقام پر محبوبہ مفتی نے جِنگل۔ بیجہامہ۔ لچھی پورہ سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔ وٹلب میں محبوبہ مفتی نے وٹلب چیٹ کاک سڑک کا سنگ بنیاد رکھا ۔ شراکہ وارہ میں وزیر اعلیٰ نے 16لاکھ روپے کی لاگت والے سینڈ فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا جسے سوپور قصبے کو پینے کا پانی فراہم ہوگا۔ وزیر اعلیٰ نے چھورا ۔برزوچھن ۔ دردہ پورہ سڑک کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔