سرینگر//حریت (گ)،فریڈم پارٹی ،مسلم لیگ، لبریشن فرنٹ ( آر )،سالویشن مومنٹ ، مسلم کانفرنس ، محاز آزادی،ینگ مینز لیگ اور پیپلز فریڈم لیگ نے اننت ناگ میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ’ ہم بھارت کا کوئی جائیز حصّہ اس سے الگ کرنا چاہتے ہیں اور نہ ہمیں بھارت کے لوگوں کے ساتھ کوئی دشمنی یا عداوت ہے۔ بھارت نے ہمارے ساتھ جو وعدے اور معاہدے کئے ہیں، ہم ان کا ایفا چاہتے ہیں اور تنازعہ کشمیر کا لوگوں کی خواہشات کے مطابق پُرامن حل ہمارا آخری ہدف ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے ایک جائیز جدوجہد کررہی ہے اور داعش اور القاعدہ جیسی عالمی تنظیموں کا یہاں کوئی وجود ہے اور نہ ان کا یہاں کوئی رول ہے۔ موصولہ بیان کے مطابق منگل کی صبح دیالگام اسلام آباد کے شوکت احمد لہر کے جلوس جنازہ سے ٹیلیفونک تقریر کرتے ہوئے گیلانی نے فلسفۂ شہادت پر تفصیل کے ساتھ روشنی ڈالی اور کہا کہ بھارت کی کشمیر کے حوالے سے غلط پالیسیوں کی وجہ سے جموں کشمیر میں خون خرابہ ہورہا ہے اور قیمتی انسانی زندگیوں کا اتلاف جاری ہے۔ لوگوں کے مطابق مذکورہ نوجوان نے تمنا ظاہر کی تھی کہ گیلانی اس کی نماز جنازہ پڑھائے اور اس کے آخری سفر میں ساتھ رہے۔ گیلانی نے اپنی تقریر میں مرحوم کی روح کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے گھر میں قید نہیں ہوتا، تو ضرور اس جنازے میں شرکت کرتا، جبکہ ان کی ہدایت پر حریت معاون جنرل سیکریٹری غلام نبی سمجھی، تحریک حریت لیڈر محمد یوسف مکرو، اور سبزار احمد نے شوکت احمد کے جنازے میں شرکت کی اور انہوں نے ان کے لواحقین تک گیلانی کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ اتحادِ ملّت کے نکتے پر روشنی ڈالتے ہوئے گیلانی نے کہا پوری مسلم دنیا اس وقت مسلکی اور گروہی تنازعات کی وجہ سے انتشار کا شکار ہے اور مسلمان ایک دوسرے کی گردنیں مار رہے ہیں۔ تحریک حریت تمام تر مسلکی، گروہی اور جماعتی عصبیتوں سے اوپر اٹھ کر مسلمانوں کو ایک ہی لڑی میں پرونے کی متمنی ہے اور ہم دنیا کو زیادہ پُرامن اور امتیازات سے پاک بنانے کے مشن پر کام کررہے ہیں۔ فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر ایک وفدایڈوکیٹ فیاض احمد سوداگراوربشیر احمد شاہ کی قیادت میں معرکہ کوکرناگ میں جاں بحق ہوئے جوانوں کے گھر گئے اور انہیں تعزیت و خراج عقیدت پیش کیا ۔مسلم لیگ کا ایک وفد محمد امین ڈار، سبزار ترابی اور خورشید احمد پر مشتمل آرونی کولگام گیا جہاں انہوں شوکت احمد راتھر کے جنازے میں شرکت کی۔ لبریشن فرنٹ ( آر ) کے جنرل سیکریٹری وجاہت بشیر قریشی ،سالویشن مومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ ،مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار، محاز آزادی کے صدر محمد اقبال میر،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،غلام محمد میراور سجاد احمد اور پیپلز فریڈم لیگ کے جنرل سیکریٹری محمد رمضان خان نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس خطے میں دائمی امن کے قیام کیلئے مذاکرات کا سلسلہ پھر سے شروع کریں ۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم جدوجہد آزادی کو منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے مسلسل برسرِ پیکار ہیں اور اپنی اٹھتی جوانیاں قربان کررہے ہیں۔