سرینگر //نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے کنگن میاں الطاف احمد نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے سرکار پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ پونچھ اور راجوری میں گولہ باری سے متاثر ہونے والے لوگوں کو مدد فراہم کرنے میں بری طرح سے ناکام ثابت ہو گئی ہے۔اپنے ایک بیان میں میاں الطاف نے کہا کہ بھاری گولہ باری پونچھ اور راجوری علاقوں میں ہو رہی ہے جس سے عام لوگوں کو انتہائی مشکلات کا سامنا ہے ۔انہوں نے مرکزی اور ریاستی سرکار پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جو وعدے متاثرہ لوگوں کے ساتھ پچھلے دو برسوں سے ہو رہے ہیں کہ انہیں چھپنے کیلئے مورچے فرہم کئے جائیں گے ، اُن کی باز آباد کاری ہو گئی، انہیں زمین فراہم کی جائے گئی، لیکن یہ سبھی وعدے زمینی سطح پر کہیں نظر نہیں آرہے ہیں اور انتظامیہ بھی لوگوں کو مدد فراہم کرنے میں بھری طرح سے ناکام ثابت ہو چکی ہے ۔میاں الطاف نے مرکزی اور ریاستی سرکاروں پر زور دیا ہے کہ وہ متاثرہ لوگوں کو امداد فراہم کرنے کیلئے اقدمات کریں تاکہ لوگ امن وسکون سے رہ سکیں ۔