پلوامہ میں منریگا کے تحت غیر تسلی بخش کارکردگی

Kashmir Uzma News Desk
5 Min Read
 پلوامہ//پلوامہ ضلع میں منریگا کے تحت غیر تسلی بخش کارکردگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے دیہی ترقی کے وزیر عبدالحق خان نے غیر تسلی بخش کارکردگی دکھانے والے افسران کے خلاف کارروائی کرنے کے احکامات دئیے ہیں ۔ پلوامہ میں محکمہ دیہی ترقیات کی مختلف سکیموں کی پیش رفت کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے کام میں شفافیت لانے اور عوام کو مختلف فیصلوں سے ولیج سطح پر آگاہ رکھنے کی ہدایت دی ۔   دیہی ترقیات اور پنچائتی راج کے وزیر عبدالحق خان نے کہا ہے کہ بہتر حکومت سازی ، جوابدہی ، شفافیت اور رشوت ستانی سے پاک انتظامیہ کی فراہمی موجودہ حکومت کی ترجیح ہے۔  وزیر نے آج یہاں محکمہ دیہی ترقی کے کام کاج کا جائیزہ لینے کے لئے طلب کی گئی ایک میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی قیادت میں سرکار نے عوام کی بہبود کے لئے کئی اختراعی نوعیت کے اقدامات کئے ہیں اور زمینی سطح پر مثبت بدلاؤ نظر آرہا ہے۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ رواں سال کے دوران پانچ لاکھ ایام کار فراہم کرنے کا ہدف ہے جبکہ مجموعی طور پر42998 افراد کو جاب کارڈ فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیر نے کہا کہ منریگا کا بنیادی مقصد بے روز گاری کے خاتمہ میں مدد فراہم کرنا اور انسانی وسائل کو کام پر لگا کر دیہاتوں میں پیہم بنیادی ڈھانچے کا قیام عمل میں لانا ہے۔وزیر نے بتایا کہ کنورجنس موڈ کے تحت محکمہ نے 2016-17 کے دوران326 لاکھ روپے خرچ کئے جبکہ اسی مدت کے دوران مختلف پُلوں کی تعمیر پر130 لاکھ روپے بھی خرچ کئے گئے۔صحت، تعلیم، بھیڑ پالن ، یوتھ سروسز اور آئی سی ڈی ایس شعبوں پر 44.42 لاکھ روپے خرچ کئے گئے ہیں۔سوچھ بھارت مشن پر یکم اپریل2017 تک مختص44.97 لاکھ روپے میں سے42.10 لاکھ روپے صرف کئے گئے ہیں۔پنچائتوں کے کام کاج کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے افسروں کو تمام ترقیاتی پروجیکٹوں کے فوائد کو عوام تک پہنچانے کی ضرور ت پر زور دیا۔انہوں نے افسران کو گرام سبھاؤں کا انعقاد کر کے فیصلہ سازی میں عوامی شمولیت کو یقینی بنانے اور مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کی زمینی سطح پر بہتر عمل آوری کے لئے عوام کا تعاون حاصل کرنے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔تمام بلاکوں میں کم تعداد میں ایام کار فراہم کرنے کی شکایات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے وزیر نے غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی کرنے کی ہدایت دی۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروگراموں کی موثر عمل آوری میں پنچائتوں کا اہم رول ہے ۔ میٹنگ میں جنگلات و ماحولیات کے وزیر مملکت ظہور احمد میر،ممبر اسمبلی پلوامہ محمد خلیل بند،ممبر اسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ، ڈپٹی کمشنر پلوامہ، سیکرٹری یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس، ڈائریکٹر دیہی ترقی اور دیگر افسران موجود تھے۔ اس سے قبل وزیر نے نیشنل رورل لائیولی ہُڈ مشن کی پیش رفت کا بھی جائیزہ لیا۔اس موقعہ پر بتایا گیا کہ مشن  کے تحت497 سیلف ہیلپ گرؤپ تشکیل دیئے گئے ہیں۔ میٹنگ میں موجودمختلف سیلف ہیلپ گرؤپوں کے ممبران نے اُمید سکیم کے تحت اپنے تجربات پیش کئے۔انہوں نے بتایا کہ اُمید سکیم سے اُن کے معیار حیات میں بہتری آئی ہے اور وہ خود کو با اختیار محسوس کرتے ہیںوزیر نے ان گرؤپوں میں کام کرنے والی خواتین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ سکیم کا بنیادی مقصد دیہی خواتین کو با اختیار بنانا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ سکیم سے خواتین کی سماجی و اقتصادی حالت میں نمایاں بہتری کے علاوہ غریبی کے خاتمہ میں بھی مدد ملے گی۔ 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *