بلبل نوگام معرکہ آرائی اور بجبہاڑہ میں شہری کی ہلاکت

Kashmir Uzma News Desk
7 Min Read
 سرینگر//لبریشن فرنٹ ،جماعت اسلامی، بار ایسوسی ایشن، تحریک مزاحمت، پیپلز لیگ،سالویشن مومنٹ ،مسلم کانفرنس ،محاز آزادی ،ینگ مینز لیگ اور اسلامک پولٹیکل پارٹی نے بلبل نوگام معرکہ آرائی میں جاں بحق ہوئے جنگجوﺅں کو خراج عقیدت ادا کیا ہے۔لبریشن فرنٹ کے قائدین نے پلوامہ اور کوکرناگ جاکر حال ہی میں جاں بحق کئے گئے پرویز احمد میر(پلوامہ) اور مدثر احمد حجام (کوکر ناگ )کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔فرنٹ کے قائدین شوکت احمد بخشی،جاوید احمد بٹ غازی،خضر محمد داﺅدی،طارق احمد اور مولوی نذیر احمد نے نوڈربگ پلوامہ جبکہ محمد اسحاق گنائی ،محمد اکرم خان اور نذیر احمد خان نے کوکرناگ جاکر لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ تعزیتی مجالس سے خطاب کرتے ہوئے قائدین نے کہا کہ ’یہ نوجوان ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان عظیم ہستیوں کی قربانیوں کےلئے یہ قوم ان کی مقروض ہے‘۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسکے ریاستی حکام نے یہاں کے لوگوں کی سیاسی مکانیت مسدود کردی ہے جبکہ پرامن تحریک کا ساتھ دینے کی پاداش میں جوانوں ،بچوں اور نہتے شہریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں ،انہیں تنگ طلب کیا جارہا ہے اور کالے قوانین کے تحت جیلوں میں ٹھونسا جارہا ہے۔ مقررین نے کہا ” ہم اپنے ان معصومین کو خراج عقیدت ادا کرتے ہیں اور ان کے مقدس مشن کو پایہ¿ تکمیل تک لےجانے کےلئے ہر قسم کی قربانی دینے کے اپنے عہد کا اعادہ کرتے ہیں“۔جماعت اسلامی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج نے محمد عبدللہ گنائی پر گولیاں چلا کر اس کو شدید زخمی کردیا ،جس کے بعد زخمی معمرشخص کو صورہ اسپتال میں داخل کیا گیا جہاں انہوں نے منگل کی شام کو آخری سانس لی ۔ جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ اس حادثے سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ فوج کو کسی بھی کشمیری کو قتل کرنے کی کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور وہ اپنی مرضی سے کسی کو بھی قتل کرسکتے ہیں۔ جماعت اسلامی نے اس افسوسناک حادثے کی مذمت کرتے ہوئے بین اقوامی انسانی حقوق تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس کاسخت نوٹس لیں اور کشمیریوں کی مدد کرکے انہیںحق خود اداریت دلانے میں اپنے رول ادا کریں۔ تحریک مزاحمت کے جنرل سیکریٹری محمد سلیم زرگر نے دیگر پارٹی اراکین ریاض احمد اور عبدالرشید کے ہمراہ کنہ وٹھ کوکرناگ جاکرمظفر احمد حجام کے لواحقین کے ساتھ تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ’ اگرچہ ان کی جدائی سے ہمیں انتہائی دکھ ہورہا ہے تاہم ہمیں اس بات کا احساس ہے کہ یہ ایک عظیم مقصد کے لئے قربانیاں پیش کررہے ہیں ۔ پیپلز لیگ سے وابستہ ماسٹر عبد الرشید کی سربراہی میں ایک وفد آرونی کولگام گےا جہاں انہوں نے شوکت احمد راتھر کے جنازے مےں شرکت کی۔سالویشن مومنٹ ترجمان نے آرونی کے بزرگ کی ہلاکت کو قابل مذمت قراردیتے ہوئے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ دریںاثناءپارٹی کے ایک وفد نے کوکرناگ جاکرمدثر احمد حجام کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہارکیا۔وفد کی قیادت امتیاز احمدکر رہے تھے اور ان کے ہمراہ فاروق احمد، زبیر احمداور اسحاق احمدبھی شامل تھے۔مسلم کانفرنس کے ایک دھڑے کے چیئرمین شبیر احمد ڈار کی قیادت میں ایک وفد نے پرویز احمد(پلوامہ) کے گھر جاکر انکے گھر والوں کے ساتھ تعزیت کی جو کچھ دن پہلے اپنے دوساتھیوں سمیت ترال میںجاں بحق ہوئے تھے۔ انکے ہمراہ محاز آزادی کے صدر محمد اقبال میر،ینگ مینز لیگ کے چیئرمین امتیاز احمد ریشی بھی تھے ۔ انہوںنے شیخ پورہ واترگام ، بُلبُل نوگام میں فورسز کے ساتھ تصادم میں جاں بحق ہوئے تین جنگجوﺅں کوخراج عقیدت پیش کیا ۔ اسلامک پولٹیکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے یجبہاڑہ میں بزرگ شہری کی ہلاکت پر انتظامیہ کی مذمتکی ہے۔دریں اثناءاسلامک پولیٹکل پارٹی کا ایک وفد جس میں شوکت احمد خان ،محمد ایوب ڈار اور ضلع صدر اسلام آباد اوئیس احمد شامل تھے ،نے بلبل نوگام میںجاں بحق ہوئے جوانوں کے لواحقین کے گھر جاکر ان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ۔
 

 تحقیقات کی جائے:بار 

سرینگر//کشمیر ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے عام شہری اور دوکاندار نصیر احمد بٹ اور بجبہاڑہ میں 60سالہ معمر شخص محمد عبداللہ گنائی کی ہلاکتوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے دونوں ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ بار ایسوسی ایشن نے ریاست کی مختلف جیلوں خاصکر کوٹ بلوال جیل جموں میں قیدیوں کے ساتھ کئے جارہے سلوک پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔بار ایسوسی ایشن نے مزاحمتی کارکن عبدالصمد انقلابی کی گرفتاری کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔بار ایسوسی سایشن نے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی جانب سے جمعہ 21جولائی کو عام شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف دی گئی ہڑتالی کال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے بین اقوامی برادری اور بین اقوامی تنظیموں خاصکر اقوامی متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن ، ایمنسٹی انٹر نیشنل اور دیگر تنظیموںسے اپیل کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف طاقت کے استعمال کا سنجیدہ نوٹس لیں اور بھارت پر دباﺅ ڈالیں کہ وہ انسانی حقوق کی پاسداری کریں۔
 

 ہلاکت قابل مذمت:این سی

سرینگر//نیشنل کانفرنس نے حسن پورہ آرونی کے محمد عبداللہ گنائی کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عام لوگوں کا خون بہانا اب روز کا معمول بن کر رہ گیاہے کیونکہ ریاستی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میںناکام ہوگئی ہے۔ پارٹی کے جنوبی زون کی صدر سکینہ ایتو، ضلع صدر کولگام ایڈوکٹ عبدالمجید لارمی(ایم ایل اے ہوم شالی بگ)اور ضلع صدر اننت ناگ ڈاکٹر محمد شفیع نے اس انسانیت سوز ہلاکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے ملوثین کوسزا دی جائے۔ انہوں نے مرحوم کے پسماندگان کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *