جموں// آشاورکرز یونین جموں کی یہاں فارسٹ انفارمیشن سنٹرل ہال بکرم چوک میں ایک روزہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔اس دوران آشا ورکرز کی متعدد مانگو ں کو اجاگر کیا گیا۔ جن میں کیرالہ ریاست کے طرز پر آشاورکروں کے مشاہروں کو بڑھا کر ماہانہ7500روپے کرنے،آشا کو ورکر کے طور تسلیم کرنے،45 ویں انڈین لیبر کانفرنس کی سفارشات کو عملی جامہ پہنانے،آشاورکرز کو سوشل سیکورٹی سکیموں جیسے ای ایس آئی،ای پی اینڈ پنشن ، اے اے ایم،اے ڈی ایم آئی ، بی آئی ایم اے،یوجنا کے تحت لانے کا مطالبہ کیا۔کانفرنس میں خطہ جموں کے مختلف بلاکوں کے ڈیلی گیٹوں نے شرکت کی۔کانفرنس کی صدارت انیت دیوی ، سونیتا بھگت،اور گیتا دیوی نے کی۔سی آئی ٹی یو سٹیٹ کمیٹی کے سینئر لیڈرشام پرساد کیسر نے اپنی افتتاحی تقریرمیں کہا کہ آشا ورکروں کی کل ہند کارڈیٹر کمیٹی کا قیام فروری 2009 میں عمل میں لایا گیا تھا جس کا مقصد آشا ورکرو ن کو متحد کرنا اور ان کو درپیش مسائل کا ازالہ کرنا تھا۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ کئی سال سے آشا ورکرز اپنے مسائل کے ازالہ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔مگر ابھی تک اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔مقررین نے کہا کہ جب تک نہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا وہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔