سرینگر//سرکار اور ٹرانسپورٹروں کے درمیان بٹہ مالو بس اڈہ کی منتقلی کے خلاف ٹرانسپوٹروں نے ہڑتال میں مزید 2دن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے پھر اس دھمکی کو دہرایا کہ اگر معاملہ حل نہ ہوا تو وہ خود سوزی کرینگے۔کشمیر پسنجر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن نے بٹہ مالو بس اڈہ میں دھرنا دیتے ہوئے ہڑتال میں مزید 2 دنوں کی توسیع کا اعلان کیا ہے ۔ جمعہ کو بھی ٹرانسپوٹروں کی ہڑتال جاری رہی۔اس دوران کشمیر پسنجر ٹرانسپورٹ ویلفیر ایسو سی ایشن کی ہنگامی میٹنگ جمعہ کو ہوئی جس کے دوران اس معاملے میں تعطل رہنے کی وجہ سے پہیہ جام ہڑتال میں مزید دو دنوں کی توسیع کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔کشمیر پسنجر ٹرانسپورٹ ویلفیئر ایسو سی ایشن کے صدر مشتاق احمد لسہ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ حکومت کی طرف سے سخت اپروچ اور معاملے کو لٹکانے کی وجہ سے ہڑتال جاری رہے گی۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر ہڑتال پر نہیں جانا چاہتے،تاہم انہیں ہڑتال کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرکار کی طرف سے ابھی تک کوئی بھی مثبت ردعمل سامنے نہیں آیا،جو اس بات کی عکاسی ہے کہ حکومت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ انہوںنے خبردار کیا ہے کہ اگر سرکار نے یہ فیصلہ واپس نہیں لیا تواس فیصلے سے متاثر ہونے والے ٹرانسپورٹر، ڈرائیور اور دکاندار بسوں اور دکانوں کو نذرآ تش کریں گے۔