سرینگر//فریڈم پارٹی کے سیکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کی مسلسل نظر بندی کے لئے ریاستی حکام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کے نشے میں ان لوگوں نے سبھی حدود پار کرلئے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ سال 2011میںجیل سے رہا ہونے کے بعد اب تک تین سال نومہینے نظر بند رہے اور نظر بندی کا یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے اور اس دوران انہیں252 نمازجمعہ اور 13عیدوں پر بھی نماز کی ادائیگی سے روکا گیا۔انہوں نے کہا کہ شبیر احمد شاہ نے آج تک زندگی کے 31سال جیل میں گزارے اور حکام انہیں قید و بند میں رکھ کر انتقام گیری کا نشانہ بنارہے ہیں اور ان کی رہائش گاہ کو ایک سب جیل میں تبدیل کیا گیا ہے ۔مولانا طاری نے شبیر احمد شاہ کی مسلسل اسیری پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایام اسیری کے دوران ان کے کئی قریبی رشتہ دار انتقال کرگئے لیکن انہیںان کے آخری رسومات میں حصہ لینے کی اجازت بھی نہیں دی گئی۔