سرینگر//پریس کونسل آف انڈیا کی سب کمیٹی نے آج نیشنل کانفرنس کے کارگذار صدر عمر عبداللہ کے ساتھ اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ کمیٹی کی قیادت کنوینیر ایس این سنہا کررہے تھے۔ ملاقات کے دوران جموں وکشمیر میں ذرائع ابلاغ سے جڑے کئی اہم امورات پر تبادلہ خیالات ہوا۔ اس موقعے پر نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری علی محمد ساگر، صوبائی صدر ناصر اسلم وانی،ترجمانِ اعلیٰ آغا سید روح اللہ مہدی اور تنویر صادق بھی موجود تھے جبکہ مسٹر سنہا کے ہمراہ سب کمیٹی کے ممبران سی کے نائک،ڈاکٹر سمن گپتا اور نوین جوشی بھی تھے۔ عمر عبداللہ نے سب کمیٹی کو ریاست خصوصاً وادی میں صحافت سے جڑھے افراد کو درپیش مسائل اور مشکلات کو اجاگر کیا اور ساتھ ہی سب کمیٹی پر زور دیا کہ قومی ذرائع ابلاغ میں کشمیر کے صحیح حالات کی ترجمانی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قومی میڈیا دانستہ یا غیر دانستہ طور پر کشمیر کی غلط تصویر پیش کرکے جموں وکشمیر کو نقصان پہنچانے کے مرتکب ہورہے ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ کشمیر کے بارے میں منفی رپورٹنگ سے یہاں کی سیاحت کو بہت زیادہ نقصان سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس جمہوریت کا چوتھا ستون مانا جاتا ہے اس لئے یہ ضروری ہے کہ قومی میڈیا کے ذریعے کشمیر کی صحیح تصویر ملک کے عوام تک پہنچ سکے۔