راہل گاندھی پھٹ پڑے

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر//کشمیر کی صورتحال کو لیکر مودی سرکار پر وار کرتے ہوئے کانگریس نائب صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ این ڈی اے سرکار اور وزیر اعظم کی پالیسیوں نے وادی میں آگ لگادی ہے۔راہل گاندھی نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کسی بھی تیسرے فریق کی مداخلت کو نا قابل قبول قرار دیا اور زور دیکرکہا کہ یہ بھارت کا داخلی معاملہ ہے اور کسی بھی ملک کااس کے ساتھ کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ راہل گاندھی نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران کشمیر کی موجودہ صورتحال پر تبصرہ کیا اور اس بارے میں مرکز کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی پر تابڑ توڑ حملے کئے۔انہوں نے این ڈی اے سرکار پر وادی کشمیر کی صورتحال سے بہتر طریقے سے نہ نمٹنے کا الزام عائد کیا اور یہ بات واضح کی کہ کشمیر کے بارے میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی کوئی گنجائش نہیں۔راہل گاندھی کا کہنا تھا”میں کافی عرصے سے یہ کہتا آرہا ہوں کہ نریندر مودی اور این ڈی اے کی پالیسیوں نے جموں کشمیر کو جلا دیا ہے“۔کانگریس نائب صدر سے جب مسئلہ کشمیر کے بارے میں چین یا کسی اور ملک کی ثالثی کے بار ے میں پوچھا گیا، تو انہوں نے واضح کرتے ہوئے کہا”یہ کہا جارہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کےلئے کسی تیسرے ملک کی مداخلت طلب کی جانی چاہئے، یہ سراسر غلط ہے، بھارت کشمیر ہے اور کشمیر بھارت“۔ راہل گاندھی نے زور دیکر کہا”یہ ہمارا اندرونی مسئلہ ہے ، ہمیں کسی تیسرے فریق کی مداخلت کی کوئی ضرورت نہیں اور نہ ہی کسی ملک کا اس مسئلے کے ساتھ کوئی لینا دینا ہے“۔انہوں نے کشمیر میں جاری کشیدگی اور بے چینی کےلئے بھارتیہ جنتا پارٹی اور این ڈی اے کو ذمہ دار قرار دیا۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ نریندر مودی کی پالیسیوں نے وادی میں ’دہشت گردوں‘کےلئے جگہ بنائی ہے جو دفاعی اعتبار سے بھارت کےلئے ایک بہت بڑا دھچکا ہے۔انہوں نے وادی میں جنگجویانہ سرگرمیوں میں اضافے کےلئے بھاجپا اور پی ڈی پی کے اتحاد کو مورد الزام ٹھہرایا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *