جموں //مرکزی سرکار نے بتایا کہ رواں برس کے دوران پاکستان نے 251بار جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کی جس دوران 5بھارتیہ فوجی اہلکار ہلاک جب کہ 21زخمی ہو گئے۔ جمعہ کے روز پارلیمنٹ میں یہ اعدادو شمار دیتے ہوئے دفاعی امور کے وزیر مملکت سبھاش بھامرے نے ایوان کو بتایا کہ 2014میں فوج اور بی ایس ایف نے جنگ بندی معاہدہ کی خلاف ورزی کے بالترتیب 153اور 430معاملات کا خلاصہ کیا تھا، تاہم 2015میں یہ اعداد 152اور 253رہ گئے۔ 2016کے دوران فوج کے زیر کنٹرول سرحدی علاوہ میں سیز فائر کے خلاف 228جب کہ بی ایس ایف کے زیر انتظام سرحد پر 221واقعات پیش آئے ۔ وزیر موصف نے بتایا کہ 2017کے دوران 11جولائی تک فوج نے جنگ بندی معاہدہ کی 228واقعات کی رپورٹ کی ہے جب کہ 30جون تک بی ایس ایف کے ساتھ جنگ بندی معاہدہ کے 23معاملات پیش آ چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فوج کے 4جب کہ بی ایس ایف کا ایک اہلکار ہلاک ہو چکا ہے جب کہ گولہ باری میں 3عام شہری بھی اپنی جاگ گنواچکے ہیں۔ اس عرصہ کے دوران فوج نے در اندازی کی 16کوششوں کو ناکام بناتے ہوئے 36جنگجوئوں کو ہلاک کیا ہے جب کہ فوج پر ملی ٹینٹوں نے 14حملے کئے جس دوران 9اہلکار ہلاک ہو گئے۔ وزیر نے بتایا کہ 2015میں فوج پر 4حملے ہوئے تھے جب کہ 2016میں ہوئے حملوںمیں فوج کے 31اہلکاروں کی جانیں تلف ہو گئی تھیں۔