سرینگر//انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے مغل مارکہ جڈی بل میں سالانہ مجلس حسینیؑ منعقد ہوئی ۔مجلس حسینیؑ سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان سربراہ آغا سید حسن نے اسلام اورانسانیت کی بقا کیلئے اہلبیت نبویؑ کی لامثال قربانیوں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اہلبیت نبویؑ سے عقیدت کا اولین تقاضا اْن کے سیرت و کردار کی پیروی ہے۔آغا حسن نے گنڈ گاندربل میں کشمیر پولیس اہلکاروں پر بھارتی فوجیوں کی جبر و بربریت کے واقعہ کو کشمیری عوام کیلئے ایک اور لمحہ فکریہ اور عالمی برادری کیلئے چشم کشا قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس ریاست میں فوج کے آگے پولیس اہلکاروں کی بے بسی کا یہ حال ہو وہاں حریت پسند عوام کو کن حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہو اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ آغا حسن نے کہا کہ کشمیریوں کی برحق تحریک آزادی اور جبرو بربریت کے خلاف احتجاجی آوازکو دبانے کیلئے کشمیر پولیس اگر چہ سلطان سے زیادہ وفاداری کا مظاہرہ کر رہی ہے تاہم کشمیری اور مسلمان ہونے کے ناطے بھارتی فوج کے سامنے کشمیر پولیس کی کوئی حیثیت اور اہمیت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے ایک بار پھر ریاستی انتظامیہ کے اختیار و اعتباریت کے آگے سوالیہ نشان کھڑا کیا ہے۔