بانہال // جموں سرینگر شاہراہ پر خونی نالہ کے نزدیک رسوئی گیس سے لدھے ایک ٹینکر کو پیش آئے حادثے میں ایک شخص ہلاک ہوا ہے جبکہ آگ لگنے کی وجہ سے ٹینکر جل کر راکھ ہو گیا ہے۔ گیس ٹینکر نمبر UP-83AT/8150 جموں سے سرینگر کی طرف آنے کے دوران ہفتے کی رات تقریبا 11 بجے خونی نالہ کے نزدیک شاہراہ سے لڑھک کر تین سو فٹ گہری کھائی میں جا گرا اور حادثے کے فورا بعد اس گیس ٹینکر نے آگ پکڑلی اور جل کر تباہ ہوگیا۔ اتوار کی صبح جب بچاو کاروائیاں شروع کی گئیں تو پولیس اور رضاکاروں کو ایک لاش ملی جس کی شناخت چونی لعل ولد بیلی رام عمر 60 سال ساکنہ مجالٹہ ادہمپور کے طور کی گئی ہے۔ پولیس نے اس حادثے میں مزید تلاش کاروائیاں کیں لیکن جائے حادثہ سے کوئی اور شخص برآمد نہیں کیا جا سکا ہے جس سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ مرنے والا گیس ٹینکر کا ڈرائیور تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ حادثے کے بعد آگ کی اونچی لپٹیں آسمان سے باتیں کر رہی تھیں اوریہ حادثہ آبادی سے دور ہوا ورنہ گیس ٹینکر میں لگی اگ کی وجہ سے نقصان کا اندیشہ تھا۔