راجوری //ہر سال ہونے والی بابا بڈھاامرناتھ یاترا اس سال بھی 29جولائی سے شروع ہورہی ہے جس کیلئے ضلع انتظامیہ راجوری اور ضلع انتظامیہ پونچھ کی طرف سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کیلئے حکمت عملی وضع کی گئی ہے تاکہ یاتریوں کو کسی بھی قسم کی مشکل پیش نہ آئے ۔سرکاری ذرائع نے کشمیرعظمیٰ کو بتایاکہ یاترا میں ملک بھر سے ہزاروں کی تعداد میں یاتریوں کی آمد متوقع ہے جس کو دیکھتے ہوئے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ یہ یاترا منڈی میں ہوتی ہے جو انتیس جولائی سے شروع ہوکر پانچ اگست کو اختتام پذیر ہوگی ۔ذرائع نے بتایاکہ ہر بار کی طرح اس بار بھی سندر بنی اور نوشہرہ میں یاتریوں کا استقبال کیاجائے گاجہاں چھوٹے کیمپ قائم کئے جارہے ہیں جبکہ یاتریوں کیلئے بڑا کیمپ یاترا گرائونڈ راجوری میں لگے گا۔ذرائع نے مزید بتایاکہ راجوری یاترا کیمپ ضلع انتظامیہ ، پولیس ، آرمی اور بابا امرناتھ یاتراکمیٹی راجوری کے مشترکہ تعاون سے قائم کیاجارہاہے ۔ذرائع کے مطابق یاتری راجوری کیمپ سے روزانہ پونچھ کیلئے روانہ ہواکریںگے جہاں دشنامی اکھاڑہ پونچھ میں بھی ایک کیمپ لگایاجارہاہے جس میں یاتریوں کا مقامی تنظیموں کی طرف سے استقبال کیاجائے گااور پھر انہیں وہاںسے بابا بڈھا امرناتھ مندر منڈی لیجایاجائے گا۔ذرائع کاکہناہے کہ راجوری اور پونچھ میں یاتریوں کی خاطر انتظامات کیلئے محکمہ تعمیرات عامہ ، میونسپل کمیٹیوں ، محکمہ بجلی ، پی ایچ ای ، محکمہ صحت ، محکمہ تعلیم کے علاوہ فوج کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں اور اس بات کا امکان ہے کہ اس سال یاتریوں کی تعداد میں گزشتہ برسوں کے مقابلے میں اضافہ ہوگا۔دریں اثناء انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جارہے ہیں اور مزید نفری تعینات کی جارہی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ یاتراکے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات رہیںگے اور تمام اہم تنصیبات پر سیکورٹی فورسز اور فوج کے اہلکار تعینات ہوںگے ۔ذرائع نے بتایاکہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے علاوہ فوج کی خدمات بھی حاصل کی جارہی ہیں ۔ایڈیشنل ایس پی راجوری محمد یوسف نے بتایاکہ سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے جائیںگے اور وہ یاترا کو احسن طریقہ سے انجام دینے کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔