سرینگر//تعلیم کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے ریاست کے طالب علموں کی مجموعی نشو و نما کے لئے انہیں نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ باہری دنیا سے متعار ف کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔وزیر نے ان باتوں کا اظہار کل یہاں طالبات کے ایک گروپ کو لیہہ او رکرگل کے تعلیمی دورے پر روانہ کرنے کے دوران کیا۔ اس دورے کا انعقاد سکولی تعلیم محکمہ کشمیر نے کیا ہے جس میں کشمیرخطے کے مختلف اضلاع کے مختلف کالجوں کی 40طالبات شرکت کر رہی ہیں۔ طالبات کے ساتھ تبادلہ خیا ل کے دوران بخاری نے کہا کہ ان دوروں کا انعقاد طالب علموں کو مختلف مقامات کا مشاہدہ کرنے کے لئے موقعہ فراہم کرنے کے غرض سے کیا جاتا ہے تاکہ وہ ان مقامات کے تمدن اور روایات کے بارے میں جان سکیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کے دوروں میں زیادہ سے زیادہ طالب علموں کو شا مل کیا جائے گا۔ اس موقعہ پر طالبات نے انہیں سکولوں میں درپیش مسائل کے بارے میں وزیر موصوف کو جانکاری دی ۔ ان میں اساتذہ کی کمی اور صفائی ستھرائی جیسے مسائل شامل ہیں۔طالبات کے مسائل سننے کے بعد وزیر موصوف نے ان حل کے لئے متعلقہ حکام کو موقعہ پر ہی ہدایت دی ۔ناظم تعلیم کشمیر ڈاکٹر جی این ایتو اور دیگر متعلقہ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔