بیروہ ہلاکت:نہتے لوگوں کا جینامحال

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
سرینگر// نیشنل فرنٹ ،تحریک مزاحمت،انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اوراسلامک پولیٹکل پارٹی سے وابستہ لیڈران نے بیروہ جاکر وہاں جاں بحق کئے گئے تنویر احمد وانی کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔نیشنل فرنٹ چیئر مین نعیم احمد خان نے بیروہ جاکر تنویر احمد وانی کے غمزدہ پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔انہوں نے اس موقع پر کہا کہ متنازعہ خطے کے اطراف و اکناف میں وردی پوش اہلکاروں کے ہاتھوں معصوم اور نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھانے کا سلسلہ جاری ہے جو تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ واحد مقصد یہ ہے کہ آزادی پسند کشمیریوں کا جذبہ آزادی مٹانے کا ہر حربہ آزمایا جائے۔انہوں نے عام شہریوں کی ہلاکتوں میں اضافے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے پیچھے وردی پوش اہلکار ایسے ہاتھ دھو کر پڑے ہیں جیسے وہ اخلاقی جرائم میں ملوث ہیں۔نعیم خان کا کہنا تھا کہ ایک طرف بھارت کو ایک بہت بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ ہے جبکہ دوسری طرف عام اور نہتے لوگوں کا جینا دو بھر کیا گیا ہے۔ تحریک مزاحمت چیئرمین بلال صدیقی نے خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے غمزدہ گھرانے سے تعزیت و ہمدردی کا اظہارکیا۔انہوںنے کہا کہ فورسز کسی بھی جوابدہی سے خود کو بری سمجھتے ہوئے ریاست کے کونے کونے میں معصوم نوجوانوں کا خون بہا رہے ہیں اور اس سلسلے میں انہیں کسی بھی جوابدہی کا کوئی خوف نہیں ۔انھوں نے بین الاقوامی ایجنسیوں سے اس قتل ناحق کا نوٹس لینے کی اپیل کی ۔انٹرنیشنل فورم فار جسٹس و ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمداحسن اونتو نے کہا ہے کہ یہ وہی فوجی یونٹ ہے جس نے حالیہ پارلیمانی الیکشن میں لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کی غرض سے فاروق احمد ڈار نامی ایک نوجوان کو گاڑی کے ساتھ باندھ کر متعدد دیہات میں گھمایا تھا اور اُس واقعہ میں ملوث فوجی اہلکار کو سزا کے بجائے انعام سے نوازا گیا ۔اسلامک پولیٹکل پارٹی چیئرمین محمد یوسف نقاش نے بیروہ جاکرسوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *