ترال//ترال قصبہ سے سرکاری دفاتر کی غیر ضروری منتقلی ،رابطہ سڑکوں اور بجلی کی ابتر صورتحال پر سیول سوسائٹی ترال نے شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو انتباہ دیا ہے کہ پندرہ روز تک معاملات حل نہیں کئے گئے تو وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا نے کے ساتھ ساتھ غیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا راستہ اختیار کریں گے۔سیول سو سائٹی ترال نے جمعہ کو ایک پریس کانفرنس میں حکومت اور انتظامیہ کے خلاف سخت غم و غصے کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ ترال کوسابق حکومتوںکی طرح موجودہ سرکار نے بھی تعمیر و ترقی میں پس پشت ڈال دیا ہے۔سو سائٹی کے چیئرمین اشفاق احمد کار نے بتایا کہ علاقے کی رابطہ سڑکیں خستہ ہیں جبکہ بجلی کی صورتحال بھی پریشان کن ہے ۔انہوں نے ترال سے اہم سرکاری دفاتر کی منتقلی کا سلسلہ شروع کرنے پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے انتباہ دیا ہے کہ پندرہ روزتک سبھی معاملات عوام کی خواہشات کے مطابق حل کئے جائیں بصورت دیگر سوسائٹی عدالت کا دروازہ کھٹکھٹا نے کے علاوہ ضرورت پڑنے پرغیر معینہ مدت کیلئے ہڑتال کا راستہ بھی اختیار کیا جاسکتا ہے۔انہوںنے بتایا کہ ترال میںتعمیر و ترقی کا نام و نشان نہیں ہے۔انہوںنے کہا کہ سرکاری دفاترکی منتقلی پر علاقہ خاموشی اختیار نہیں کرے گا۔انہوں نے سرکار سے فوری طور مداخلت کی پیل کی ہے ۔