سرینگر//ممبراسمبلی کولگام محمدیوسف تاریگامی کودل کادورہ پڑنے کے بعدصورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا ہے۔ تاریگامی کو اتوار کے روز اس وقت ہنگامی حالت میں میڈیکل انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا جب ان پر دل کا دورہ پڑا ۔ تاریگامی کی حالت رہائشگاہ پر اچانک خراب ہوئی اور انہیں سینے میں تکلیف کی شکایت بھی رہی ۔ جب انکی حالت متغیر ہوئی تو انہیں فوری طور انسٹی چیوٹ منتقل کیاگیا ۔ ڈائریکٹر انسٹی چیوٹ ڈاکٹر آہنگر نے بتایا کہ تاریگامی عارضہ قلب میں مبتلاء ہیں اور اسی حالت میں انہیں یہاں لایا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ انکا دل ٹھیک سے کام نہیں کر رہا تھا اور فوری طور یہاں انہیں علاج و معالجہ فراہم کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ تاریگامی کے دل کی دھڑکن کو توازن میں رکھنے کیلئے انہیں پیس میکر لگایا گیا اور اس کیلئے ہنگامی آپریشن کرنا پڑا ۔ ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ ممکنہ طور سوموار کو انہیں ایک اور آپریشن کی ضرورت پڑے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ فی الوقت آپریشن کے بعدتاریگامی کو انتہائی نگہداشت والے وارڈ میں رکھا گیا ہے تاہم ان کی حالت فی الوقت خطرے سے باہر ہے ۔ ادھر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، عمر عبداللہ اور الطاف بخاری نے کہا ہے کہ وہ یہ خبر سن کر تشویش اور صدمے میں مبتلا ہوگئے ہیں کہ تاریگامی کو دل کا دورہ پڑا ہے۔ لیکن انہیں امید ہے کہ وہ صحتیاب ہوکر پھر سے اپنا کام شروع کریں گے۔انہوں نے تاریگامی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی ہے۔