سرینگر//وادی سے تعلق رکھنے والے مدیران اخبارات کی انجمن کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کے عہدیداران کا باضابطہ انتخاب عمل میں لایا گیا جس کی رو سے جی کے کمیونکیشن کے چیئرمین فیاض احمد کلو صدر جبکہ سرینگر ٹائمز کے بشیر احمد بشیر اور کشمیر اوبزرورکے سجاد حیدر کو بالترتیب اردو اور انگریزی کیلئے نائب صدور کے عہدے پر تعینات کیا گیا۔اس حوالے سے گلڈ ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کے عہدیداراں کا باضابطہ انتخاب ووٹنگ عمل کے تحت سینئر صحافی یوسف جمیل کی نگرانی میں عمل میں لا یا گیا۔پانچ عہدوں جن میں صدر، نائب صدر (اُردو)، نائب صدر (انگریزی)، جنرل سکریٹری اور ٹریجر شامل ہیں ، کیلئے الیکشن کا انعقاد روزنامہ کشمیر مونیٹر کے آفس میں ہوا۔ الیکشن کی نگرانی سینئر صحافی یوسف جمیل نے بطور الیکٹورل آفیسر کی۔گلڈ کے تمام ممبران نے الیکشن عمل میں حصہ لیا۔ترجمان کے مطابق فیاض احمد کلو، چیرمین گریٹر کشمیر گروپ آف پبلیکیشنز کو صدر جبکہ بشیر احمد بشیر (سرینگر ٹائمز) اور سجاد حیدر (کشمیر اوبزرور) کو نائب صدور کی حیثیت سے منتخب کیا گیا ۔اسکے علاوہ بشیر منظر (کشمیر امیجز) سکریٹری اور ہارون رشید شاہ (ندائے مشرق) بحیثیت ٹریجرر منتخب ہوئے۔کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کی ایگزیکیٹو کمیٹی میں غلام جیلانی قادری (آفاق)، منظور انجم (عقاب)، شجاعت بخاری (رایزنگ کشمیر)، طاہر محی الدین (چٹان)، مسعود حسین (کشمیر لائف)، ظہور ہاشمی (آفتاب)، شمیم معراج (کشمیر مانیٹر)، ظہور احمد ملک (کشمیر ٹائمز)اور آکاش امین (تعمیل ارشاد) بحثیت ممبران شامل ہیں۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کشمیر ایڈیٹرس گلڈ کا قیام گذشۃ سال عمل میں لایا گیا تھا اور 14 دسمبر2016 کو گلڈ کی ایڈہاک باڈی تشکیل دیتے وقت اعلان کیا گیا تھا کہ جلد ہی با ضابط الیکشن کے ذریعے نئی باڈی تشکیل دی جائے گی۔ آج کا الیکشن اسی سلسلے کی ایک با ضا بط کڑی تھی۔