سرینگر //جی پی پنتھ ہسپتال سرینگر میں کار پارکنگ کے فقدان کی وجہ سے مسافر اپنی گاڑیوں کو نہ صرف بیچ سڑک بلکہ گلی کوچوں میں کھڑا کرنے پر مجبور ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک جام لگ جاتا ہے بلکہ راہگیروں کو بھی مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ہسپتال آنے والے مسافروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گاڑیاں پارک کرنے کیلئے مناسب جگہ تلاش کرتے کرتے جب وہ تھک ہارجاتے ہیں تو روڈ کنارے پارک کرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں ۔اس دوران اگر ٹریفک اہلکاروں کی نظر پڑ جاتی ہے تو فورا منع کر دیتے ہیں یا پھر کرین لگا کر گاڑی کو اٹھا کر لے جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کار پارکنگ کے فقدان کی وجہ سے نہ صرف عام لوگوں کو بلکہ تیماراروں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔جی پی پنتھ ہسپتال میں روزانہ کی بنیادوں پر سینکڑوں لوگ بچوں کا علاج ومعالجہ کرنے کیلئے گاڑیوں میں آتے ہیں لیکن ہسپتال میں پارکنگ کے فقدان کی وجہ سے انہیں اپنی گاڑیاں نہ صرف بیچ سڑک میں رکھنی پڑتی ہیں بلکہ گلی کوچوں میں انہیں حفاطت سے رکھنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے جس سے نہ صرف وہاں ٹریفک جام رہتا ہے بلکہ گلی کوچوں میں گاڑیاں رکھنے کی وجہ سے مسافروں کو بھی آمد ورفت میں مشکلات پیش آتی ہیں ۔ایک مسافر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ کنٹونمنٹ بورڈ نے بھی وارننگ جاری کرتے ہوئے یہ کہا تھا کہ غیر قانونی طور پارک کی گئی گاڑیوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا لیکن اُس کے باوجود بھی ہم گاڑیوںکو بیچ سڑک یا پھر گلی کوچوں میں کھڑا کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی لوگوں نے ہسپتال انتظامیہ اور سرکار سے مانگ کی ہے کہ ہسپتال میں پارکنگ کا بندوبست کیا جائے تاکہ لوگوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔