جموں//خوراک ، امور صارفین و شہری رسدات اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی نے افسران کو ریلیف اور نان ریلیف زمروں کے تحت کشمیری پنڈت مائیگرنٹوں کیلئے نئے راشن کارڈ تیار کرنے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت دی ہے تا کہ انہیں راشن حاصل کرنے میں کسی طرح کی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ وزیر نے یہ ہدایات آج جگٹی میں مائیگرنٹ کالونی کے راشن ڈیپوؤں کا معائینہ کرنے کے دوران دیں ۔ وزیر نے کہا کہ کالونی میں پانچ نئے راشن ڈیپو کھولے جائیں گے ۔ غذائی اجناس کی سپلائی اور سٹاک پوزیشن کا جائیزہ لیتے ہوئے وزیر نے ریلیف اور ری ہیبلی ٹیشن کمشنر ( مائیگرنٹس ) کو مختلف زمروں کے تحت مستفدین کی فہرست داخل کرنے کی ہدایت دی تا کہ راشن کی تقسیم کاری میں معقولیت لائی جا سکے ۔ انہوں نے افسران کو مستفدین کو بغیر کسی دشواری کے راشن فراہم کرنے اور وقتاً فوقتاً فئیر پرایس دکانوں کا معائینہ کرنے کے احکامات دئیے ۔ نگروٹہ میں محکمہ کے گودام کے معائینے کے دوران وزیر نے غذائی اجناس کے نمونوں کی جانچ کی ۔ انہوں نے جموں صوبے کے مختلف علاقوں میں چاول ، کھانڈ اور آٹا وقت پر صارفین میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی ۔ اس کے علاوہ انہوں نے گودام میں ضروری تجدید و مرمت کا کام شروع کرنے اور کمپلیکس کے ارد گرد شجر کاری کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر نے خان پور راشن ڈیپو کا بھی معائینہ کیا ۔ اُنکے ہمراہ محکمہ کے ڈائریکٹر ، ریلیف کمشنر اور دیگر متعلقہ افسران تھے ۔