راجوری میں ہیروئین،خشخاش اور بھنگ ضبط

Kashmir Uzma News Desk
2 Min Read
سرینگر//راجوری میں مغل روڑ پر ایک ڈرامائی کارروائی کے دوران دو پولیس اہلکاروں سمیت10افراد کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ہیروئین ،خشخاش اور بھنگ کی بھاری مقدار برآمد کی گئی۔ پولیس نے ان کی تین گاڑیوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔پولیس ذرائع نے  بتایا کہ راجوری کے تھنہ منڈی علاقے میں مغل روڑ پر قائم چیک پوسٹ پر تعینات پولیس اہلکاروں نے تین گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی۔یہ کارروائی مصدقہ اطلاع کی بناء پر عمل میں لائی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ گاڑیوں کی تلاشی کے دوران 36گرام ہیروئین ، خشخاش اور بھنگ کی بھاری مقدار ضبط کی گئی۔جس وقت یہ کارروائی عمل میں لائی گئی، اس وقت تینوں گاڑیوں میں10افراد سوار تھے اورپولیس نے ان تمام افراد کو حراست میں لیا۔ان میں پولیس کے دو اہلکار بھی شامل ہیں جن کے نام سلیکشن گریڈ کانسٹیبل امتیاز احمد ساکن گرداں پائین راجوری(بیلٹ نمبر566/R) اورکانسٹیبل شہواز مرزا ساکن بھٹیاںتھنہ منڈی(بیلٹ نمبر1210/R) بتائے گئے ہیں۔دونوں کا تعلق ضلع پولیس لائنز راجوری سے ہے۔دیگر گرفتار شدگان میں صدام حسین ساکن منیال تھنہ منڈی، توقیر رزاق عرف آشو ساکن کوٹ بہروٹ تھنہ منڈی، محمد ظہیربہروٹ ، طارق محمود بڑاکانہ تھنہ منڈی، اظہر محمود عرف چیٹوکھبلیاں تھنہ منڈی، محمد وقاص ساکن کوٹ دھارا، سورو کمار عرف سنیل اور راجکمار عرف راجو ساکنان وارڈ نمبر5جواہر نگر راجوری شامل ہیں۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اس کاروائی کے دوران تینوں گاڑیوں کو ضبط کیا گیا۔پولیس نے اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن تھنہ منڈی میںمنشیات کی اسمگلنگ کی مختلف دفعات کے تحت ملزمان کے خلاف پانچ الگ الگ ایف آئی آر درج کئے ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ پولیس کے اعلیٰ حکام نے گرفتار شدہ اہلکاروں کی فوری معطلی کے احکامات بھی صادر کئے ہیں اور ان کے خلاف محکمانہ تحقیقات بھی عمل میں لائی جارہی ہے۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *