سرینگر//وزیر اعلیٰ شکائتی سیل کے کوارڈی نیٹر تصدق مفتی نے بخشی سٹیڈیم سرینگر کی خستہ حالی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کھلاڑیوں کی مسلسل شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے تصدق مفتی نے سپورٹس محکمہ کو سٹیڈیم میں بنیادی اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے لئے کہا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ بخشی سٹیڈیم 1960 سے ہیری ٹیج اہمیت کا حامل ہے اور یہاں سال بھر کھیل سرگرمیاں جاری رہتی ہیں۔کھیل کود محکمہ کے نام جاری ایک مکتوب میں تصدق مفتی نے بخشی سٹیڈیم کی خراب حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھلاڑیوں نے سہولیات کی عدم دستیابی کی شکایت کی ہے۔انہوں نے لڑکوں اور لڑکیوں کے لئے الگ الگ چینج روم تعمیر کرنے کے علاوہ بیت الخلاء قائم کرنے پر بھی زور دیا ہے۔تصدق مفتی نے سٹیڈیم میں فلڈ لائٹس نصب کرنے اور داخلہ و اخراج کے مزید دروازے بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔