ترال//ترال میں 2009کے دوران تعمیر کی گئی بائز ہائرسیکنڈری سکول کی عمارت کا نصف حصہ صرف سات سال کے عرصے میں خستہ ہوچکی ہے جس کی وجہ سے ہائر سیکنڈری میں زیر تعلیم طالب علموںکے ساتھ عملہ بھی تشویش میں مبتلا ہے ۔ یہ عمارت جے کے پی سی سی نے 2009میں مکمل کرکے محکمہ تعلیم کے سپردکیا جہاں فوری طور تعلیمی سرگرمیاں شروع کی گئیںتاہم مختصر مدت کے دوران ہی اندرونی چھت بوسیدہ ہو کرگرنے لگی ہے جس کی وجہ سے سکولی عملہ اور طلاب پریشانیوں میں مبتلا ہوگئے ہیں۔ گزشتہ روز چھت سے کوئی چیز گرنے سے ایک طالب علم معمولی طور زخمی بھی ہوا جبکہ لبارٹری میں اسی طرح کی خرابی کی وجہ سے پریکٹیکل بھی متاثر ہوگئے۔ ادارے میں جگہ کی کمی کے بعد گزشتہ سال نویں اور دسویں جماعتوں کو کسی اور ہائی سکول میں منتقل کیا گیا ہے جس پر عوامی حلقوں میں غم وغصہ پایا جاتا ہے ۔مذکورہ ادارے کے پرنسپل محمد امین بٹ نے کہا کہ اس مسئلے سے ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن کو تحریری طور مطلع کیا گیاہے اوروہ کاروائی کے منتظر ہیں۔