یوسف بٹ کی صدارت میں پریولیجز کمیٹی کی میٹنگ
سرینگر// ریاستی قانون ساز اسمبلی کی پریولجز کمیٹی کی میٹنگ ممبر اسمبلی محمد یوسف بٹ کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ میں اراکین قانون سازیہ عثمان مجید، جاوید حسن بیگ اور اعجاز احمد میر کے علاوہ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ،ڈائریکٹر اسٹیٹس، ایس ڈی ایم نور آباد اور دیگر افسران موجود تھے۔ میٹنگ میں ممبر اسمبلی محمد امین بٹ کی طرف سے محکمہ مال و دیہی ترقیات کے افسران کے خلاف دی گئی پریولیج موشن پر بحث ہوئی۔ پریولیج موشن میں موصوف نے افسران پر الزام لگایا ہے کہ مذکورہ افسروں نے ان کے حلقہ میں سرکاری تقریبات کے بارے میں انہیں جانکاری نہیں دی۔ ڈپٹی کمشنر اننت ناگ، ڈائریکٹر اسٹیٹس اور اس وقت کے ڈائریکٹر دیہی ترقیات نے میٹنگ میں شرکت کر کے معاملے سے متعلق اصل حقائق سے ممبران کو آگاہ کیا۔چیئرمین نے دونوں افسران کو اگلی میٹنگ سے پہلے جواب پیش کرنے کی ہدایت دی تا کہ معاملہ کی تحقیقات کی جاسکے۔کمیٹی نے سرکاری تقریبات اور وزراءکے دوروں کے دوران مقامی نمائندوں کو جانکاری فراہم نہ کرنے کے معاملہ کا سنجیدہ نوٹس لیا۔
مژھل فرضی جھڑپ:زمردہ حبیب فوجی عدالت کے فیصلے پر برہم
سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی چیئرپرسن زمردہ حبیب نے مژھل فرضی جھڑپ میں ملوث فوجی اہلکاروں کو ضمانت فراہم کرنے کی فوجی عدالت کے فیصلے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسکی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا معاملہ بین الاقوامی برادری اور کشمیر عوام کو دھوکہ دینے کیلئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ انصاف کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ تب تک قیام امن ممکن نہیں ہے جب تک نہ لوگوں کو انصاف ملے۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ لوگوں کے قتل عام میں ملوث لوگوں کو قرار واقعی سزا دی جائے اورفوجی عدالت کی جانب سے ملوث فوجی اہلکاروں کی سزا منسوخ کرنا ناقابل قبول ہے۔
خانصاحب میںمفت قانونی امداد کلنک کا افتتاح
بڈگام//خانصاحب کے ٹاﺅن ہال میںبدھ کو تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی کے چیئرمین جاوید احمد گیلانی،چیف جوڈیشل مجسٹریٹ بڈگام نے مفت قانونی امداد کلنِک کا افتتاح کیا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل ایس پی بڈگام،ایس ڈی پی او خانصاحب ،تحصیلدار خانصاحب اوردیگر متعلقہ آفیسران بھی موجود تھے۔اس موقعہ پر تحصیل لیگل سروسز اتھارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ضلع میں یہ اس طرح کا 9واں کلنِک ہے اور ان قانونی کلنکوں کو قائم کرنے کا مقصد غریبوں اور پچھڑے لوگوں کو قانونی امداد تک رسائی پہنچانا ہے۔انہوںنے کہا کہ ان کلنکوں میں ضرورت مندوں کو مفت قانونی امداد فراہم کی جائے گی۔
فرےڈم پارٹی کا افضل گورو کی والدہ نسبتی کے انتقال پراظہار رنج
سرینگر//فریڈم پارٹی نے محمد افضل گورو کی والدہ نسبتی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔پارٹی کا ایک وفدسےکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری کی قیادت میں مرحومہ کے گھر گیااور سوگوران سے تعزیت کا اظہارکیا۔
ظلم کا اختتام نزدیک:محاذ آزادی
سرینگر// محازآزادی کے ترجمان محمد یوسف گلکار نے کہا ہے کہ جب کسی قوم پرمسلسل مظالم ڈھائے جاتے ہیں تو اُس قوم کو کامیاب ہونے میں دیر نہیں لگتی۔انہوںنے کہا کہ کشمیرمیں فورسزاہلکار ظلم کی انتہا کر رہے ہیں جس کی تازہ مثال بیروہ کے نوجوان کی بہیمانہ ہلاکت ہے۔
وزیر اعلیٰ کا شکریہ
ترال/سید اعجاز/ترال میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تعینات کرنے کے علاوہ دیگر مطالبات کی منظوری پر ممبراسمبلی ترال مشتاق احمد شاہ نے وزیر اعلیٰ کو شکریہ پیش کیاہے۔
گاندربل میں نوجوان نے زہرلی شے کھالی
گاندربل//ارشاد احمد//گاندربل میں 20 سالہ نوجوان نے کوئی زہریلی شے کھاکرزندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کرلی۔گھربابوسی پورہ نونر گاندربل میں 20 سالہ نوجوان ساجد بشیر خان نے کوئی زہریلی چیز کھاکر خودکشی کرنے کی کوشش کرلی۔مذخورہ نوجوان کو انتہائی تشویشناک حالت میں میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی حالت کو نازک قرار دیا ۔
خالد جہانگیرنے کارپوریشن کے کام کاج کاجائزہ لیا
جموں// جے کے پی سی سی کے نائب چیئرمین خالد جہانگیر نے ایک میٹنگ میں کارپوریشن کے کام کاج کاجائیزہ لیا۔ انہوں نے افسروں کو تمام جاری کاموں میں سرعت لانے اور تندہی سے اپنے فرائض انجام دے کر صد فیصد نتائج حاصل کرنے کی ہدایت دی۔