ڈوڈہ//غنیکہ تا کڈل سڑک کے تعمیری کام میں کی جا رہی بے جا تاخیر اور تعمیری کام کی سست رفتاری پر کاستی گڑھ کے لوگوں نے جمعرات کے روز محکمہ پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (PMGSY)کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین صبح کمیونٹی ہال کاستی گڑھ میں جمع ہوئے اور وہاں زور دار نعرہ بازی کی اور دھرنا دیا۔اس موقع پر مختلف مقررین نے کہا کہ سڑک کی کی تعمیر کا کام نو برس قبل شروع کیا گیا تھا مگر ابھی تک تعمیری کام مکمل نہیں کیا گیا ہے اور سڑک کا جو حصہ تعمیر کیا گیا ہے اُس کی حالت انتہائی ابتر ہے اورجس پر گاڑیوں سے سفر کرنا حادثات کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔اُنہوں نے کہا کہ متعلقہ محکمہ اور ٹھیکیدار اس سڑ ک کو تعمیر کرنے میں پوری طرح ناکام ہوئے ہیںاور جس سست رفتاری سے کام ہوا ہے یا ہو رہا ہے اُس سے معلوم ہوتا ہے کہ ابھی یہاں کے لوگوں کو کئی برسوں تک مزید انتظار کرنا پڑے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ سڑک کا کام صرف مشینوں سے کھدائی کی حد تک کیا گیا ہے جس سے زمینیں تباہ ہو گئی ہیں اور درجنوں رہائشی مکانات خطرے کی زد میں آ گئے ہیں۔حفاظتی دیواریں مقامی لوگوں کے مفادات کی بجائے ٹھیکیدار کے مفاد کو مدِ نظر رکھا کر تعمیر کی گئیں تھیں جن میں سے بیشتر منہدم چکی ہیں۔جن مقامات پر حفاظتی دیواروں کی ضرورت تھی اُن کو نظر انداز کر کے ایسے مقامات پر دیواریں تعمیر کی گئیں جہاں ٹھیکیدار کو زیادہ فائدہ ہو سکتا تھا۔ہنڈواس پل تا کڈل تک سڑک کی حالت یہ ہے کہ اس پر مال مویشی کا چلنا بھی مشکل ہوتا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ متعلقہ ٹھیکیدار نے سڑک کی تعمیر کے دوران تمام اصول و ضوابط کو بالائے طاق رکھ کا یا تو اپنا مفاد مدِ نظر رکھا ہے یا پھر کچھ اثر و رسوخ رکھنے والے لوگوں کو فائدہ پہنچایا ہے۔اُنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کیا جانا چاہیے اور سڑک کی تعمیر کا کام کسی اور کو تفویض کیا جانا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ سرک کی کٹائی غلط طریقہ سے کی گئی ہے جس سے درجنوں مکانات خطرے کی زد میں آ چکے ہیں اور کسی بھی وقت منہدم ہو کستے ہیں۔مقررین نے کہا کہ مقامی معززین نے متعدد بار متعلقہ ایکس ای این سے رابطہ کیا اور اُن کو صورتِ حال سے آگاہ کیا اور چھ ماہ قبل اُنہوں نے علاقہ کا دورہ کر کے صورتِ حال کا خود بھی مشاہدہ کیا،مگر ابھی تک کوئی بھی قدم نہیں اُٹھایا گیا ہے۔ اُنہوں نے حکومت اور انتظامیہ پر بھی کاستی گڑھ علاقہ کو جان بوجھ کر نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا۔اُنہوں نے متنبہ کیا کہ اگر سڑک کی تعمیر کے کام میں تیزی لا کر اسے مکمل نہ کیا گیا اور لوگوں کے مکانات اور اراضی کو بچانے کے لئے حفاظت دیواریں تعمیر نہ کی گئیں تو علاقہ کے لوگ ضلع صدر مقام پر احتجاج کریں گے۔مقررین میں محمد ایوب خان،محمد شریف خان ،عبدالکریم نائیک ،چیئرمین محمد ایواب خان ،شیر محمد خان ،عبدالغنی نیائیک ،جاوید احمد نیائیک ،جاوید احمد خان محمد شبیر خان ، محمد عرفات خان وغیرہ شامل ہیں۔